اسلام و انقلاب اور ایران کے مستحکم قلعے کردستان میں آج قائد انقلاب اسلامی کا شاندار اور پر جوش خیر مقدم ہوا۔ علاقے کے مومن، غیور، محبتی اور اعلی ثقافت کے مالک عوام نے اسلامی انقلاب اور قوم کے اعلی اہداف کے دفاع کے سلسلے میں با برکت شیعہ سنی اتحاد کی بڑی خوبصورت تصویر پیش کی جو کردستان کی تاریخ میں بے نظیر ہے۔
قائد انقلاب اسلامی کی گاڑی آج صبح گيارہ بجے کردستان کے مرکزی شہر سنندج کے پاسداران روڈ پر واقع ملت پارک پہنچی جہاں کئی دنوں سے انتظار کے لمحے گننے والے کردستان کے شجاع و دلاور نوجوانوں، بوڑھوں، بچوں اور مردوں و عورتوں نے اللہ اکبر کے نعرے کی گونچ کے بیچ قائد انقلاب اسلامی کا والہانہ استقبال کیا۔ مقامی عوام نے اپنے مخصوص روایتی انداز میں استقبالیہ تقریب کو مہر و محبت سے معمور کر دیا۔
پاسداران سڑک ہی نہیں اس سے ملحقہ دیگر سڑکوں پر بھی عوامی سیلاب ٹھاٹھیں مار رہا تھا۔
قائد انقلاب اسلامی کی گاڑی دو رویہ کھڑے عوام کے جم غفیر کے بیچ سے گزرتی ہوئي ملت پارک سے آزادی اسکوائر تک پہنچی۔