قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ دوستوں کی ناراضگی اور دشمنوں کی خوشی و ہنگامہ آرائی کا باعث بننے والی ہر کارروائی قابل مذمت ہے اور اس سے گریز کرنا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے آج صوبوں کی سپریم کونسل کے صدر اور ارکان اور صوبوں کے مرکزی شہروں کے میئروں سے ملاقات میں شہری و دیہی اسلامی کونسلوں کو اسلامی جمہوری نظام کی قابل افتخار کامیابیوں میں شمار کیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اگر طرز عمل کا نتیجہ باہمی تعاون، ہمدلی اور یکجہتی ہو یقینا عنایات الہی میں روز افزوں اضافہ ہوگا۔
قائد انقلاب اسلامی نے اسلامی کونسلوں کو انتہائی اہم اداروں میں قرار دیا اور فرمایا کہ آئین میں شہری اور دیہی کونسلوں کی تشکیل کی شق ملک کا نظم و نسق چلانے کے سلسلے میں مختلف افکار، آراء اور نظریات پر اسلامی جمہوری نطام کی خصوصی توجہ کی علامت ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اسلامی جمہوری نظام کا طرہ امتیاز یہ ہے کہ اس نے روز اول سے عوام کے افکار و نظریات اور مطالبات و خواہشات پر پوری سنجیدگی سے توجہ دی ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے شہری اور دیہی کونسلوں کے فرائض کے سلسلے میں پائے جانے والے نظریات کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ ان کونسلوں کے فرائض کے تعین کا راستہ آئین ہے اور آئین کی تفسیر و تشریح کرنے والا واحد ادارہ نگراں کونسل شورائے نگہبان ہے۔
آپ نے فرمایا کہ شورائے نگہبان کا فیصلہ حجت ہے اور اس بات کے تعین کے لئے کہ کونسلوں کا فریضہ صرف نظارت و نگرانی ہے یا نظارت کے ساتھ ہی اجرائي ذمہ داریاں بھی اس پر ہیں، شورائے نگہبان کے نظرئے کو معیار قرار دیا جانا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ نظارت و نگرانی کے لئے ایسے انتظامات کئے جا سکتے ہیں کہ اس میں اجرائی پہلو بھی نہ آئے اور وہ محض ایسی نظارت نہ رہے جس کا کوئي اثر نہیں ہوتا۔ قائد انقلاب اسلامی نے ملک میں شہری و دیہی کونسلوں کے اہم کردار پر زور دیا اور ان کو تقویت پہچائے جانے کی سفارش کی۔
قائد انقلاب اسلامی نے شہروں اور دیہاتوں میں ثفافتی امور پر توجہ کو شہری و دیہی کونسلوں اور بلدیاؤں کی اہم ترین ذمہ داری قرار دیا اور فرمایا کہ عمارتوں کی تعمیر، سڑکوں کی تعمیر، ان کے لئے ناموں کا تعین اور سجاوٹی انتظامات جیسی متعدد شہری و دیہی خدمات میں عصری ترقی کے ساتھ ساتھ ایرانی فن تعمیر، دینی عقائد، سماجی ڈھانچے اور ہر علاقے کی آب و ہوا کو بھی ملحوظ رکھا جانا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایران کے اسلامی جمہوری نظام کی اہم ترین خصوصیت کے طور پر خود مختاری اور تشخص کی حفاظت کا ذکر کیا۔ آپ نے فرمایا کہ اسلام کی برکت سے ہم اپنے ایرانی تشخص کی حفاظت کرنے میں کامیاب رہے ہیں چنانچہ یہ حقیقت تمام خدمات اور شہری امور میں نمایاں رہنی چاہئے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ملک کی ترقی اور حقیقی عزت و وقار کی سمت پیش قدمی کا راز شہری اور دیہی ماحول میں دینداری کے جذبے کی تقویت و حفاظت ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے کونسلوں اور ملک کے دیگر اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ عدم ہم آہنگی اور غیر تعمیری رقابت ملک کے لئے بہت نقصان دہ ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے بانی انقلاب امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے اس معیار کا حوالہ دیا کہ ہر وہ اقدام جو دشمن کی مسرت و شادمانی کا باعث بنے قابل مذمت ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ایسے ہر اقدام سے اجتناب کرنا چاہئے جس سے دشمن بغلیں بجائیں اور دوست و احباب رنجیدہ ہوں۔