قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مردم شماری کو مستقبل کے تعلق سے درست منصوبہ بندی کے لئے اہم ضرورت قرار دیا۔
قائد انقلاب اسلامی نے مردم شماری کے قومی منصوبے میں شرکت کی اور اس موقع پر فرمایا کہ مختلف شعبوں کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں اعداد و شمار کا مقام اہم ستون کا ہوتا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ادارہ شماریات کو چاہئے کہ مردم شماری کے سلسلے میں اپنے فرائض پر پوری توجہ کے ساتھ اور حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے غیر جانب دارانہ انداز سے عمل کرے۔
قائد انقلاب اسلامی نے تاکید فرمائی کہ کوئی بھی سیاسی یا غیر سیاسی جذبہ اعداد و شمار کے سلسلے میں اثر انداز نہیں ہونا چاہئے۔ آپ نے ادارہ شماریات کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ آپ عملی طور پر ثابت کریں کہ اعداد و شمار تیار کرنے میں آپ بالکل غیر جانبدار اور صرف حقائق کے تابع ہیں تاکہ دیگر ادارے بھی اپنے اعداد و شمار پورے یقین و اعتماد کے ساتھ پیش کریں۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اعداد و شمار کا اعلان متعلقہ سرکاری شعبے یعنی ادارہ شماریات کی طرف سے ہی ہونا چاہئے اور پھر دیگر اداروں کو چاہئے کہ انہی اعداد و شمار کی بنیاد پر منصوبہ بندی اور اطلاع رسانی کا عمل انجام دیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے مردم شماری میں عوام کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ میں عزیز ایرانی شہریوں سے گزارش کروں گا کہ مردم شماری کے کارکنوں سے پورا تعاون کریں اور صبر و تحمل اور توجہ کے ساتھ ان کے سوالات کے جواب دیں۔
قابل ذکر ہے کہ مردم شماری کا عمل اکیس دن تک جاری رہے گا۔ آبادی اور رہائش کے سلسلے میں اطلاعات جمع کرنے کے اس منصوبے کے لئے جدید وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
مردم شماری میں دنیا کے ستر ممالک کے تجربات اور ایران کے ادارہ شماریات کے پچاس سالہ تجربات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ایران میں مردم شماری پہلے ہر دس سال پر ہوتی تھی تاہم اب اس مدت کو کم کرکے پانچ سال کر دیا گیا ہے۔