قائد انقلاب اسلامی نے منگولیا کے صدر ساخیاگین البگدورج سے ملاقات میں باہمی رشتوں کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔
ہفتے کی صبح منگولیا کے صدر البگدورج قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملے۔ ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے ایران اور منگولیا کے تاریخی و ثقافتی اشتراکات اور ایران میں منگولوں کے دور حکومت سے متعلق تاریخی و علمی آثار قدیمہ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ ایسے تاریخی پس منظر کو دیکھتے ہوئے ایران اور منگولیا کے مابین تعلقات میں وسعت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے ایران کی صلاحیتوں اور توانائیوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ دونوں ممالک اقتصادی، سیاسی، ثقافتی، علمی امور اور عالمی مسائل میں ایک دوسرے سے اچھا تعاون کر سکتے ہیں۔
اس ملاقات میں منگولیا کے صدر نے دونوں ملکوں کے تاریخی و ثقافتی اشتراکات کو باہمی تعاون کے لئے انتہائی سازگار قرار دیا اور کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران سے اپنے تعلقات کو فروغ دینے میں خاص دلچسپی رکھتا ہے اور معیشت، بنیادی تنصیبات، سیاست کے شعبوں میں اور یونیورسٹیوں کے مابین رابطے کے تعلق سے اچھا تعاون ہو سکتا ہے۔ منگولیا کے صدر نے کہا کہ علاقے کو نیوکلیائی ہتھیاروں سے پاک بنانے سے متعلق جناب عالی کے نقطہ نگاہ سے ہم بھی اتفاق کرتے ہیں اور پر امن مقاصد کے تحت ایٹمی سرگرمیوں کو ہر ملک کا حق جانتے ہیں۔