قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای کے پروسٹیٹ کے کامیاب آپریشن کے بعد حکام عیادت کے لئے اسپتال پہنچ رہے ہیں۔
پیر کی صبح تہران کے ایک سرکاری اسپتال میں قائد انقلاب اسلامی کا کامیابی کے ساتھ آپریشن ہوا جس کے بعد عیادت کے لئے اسپتال پہنچنے والے سول اور فوجی عہدیداروں کا تانتا لگ گیا۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے پیر کی شام ٹیلی فون کرکے قائد انقلاب اسلامی کی احوال پرسی کی اور آپ کی شفائے عاجل کے لئے اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا کی۔
اس سے پہلے صدر حسن روحانی اسپتال پہنچے اور قائد انقلاب اسلامی سے ملے۔ تشخیص مصلت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی بھی قائد انقلاب اسلامی کی عیادت کے لئے اسپتال گئے۔ اس موقعے پر نگراں کونسل کے سکریٹری آیت اللہ جنتی اور حجت الاسلام سید حسن خمینی بھی قائد انقلاب اسلامی سے مزاج پرسی کرتے ہوئے دکھائی دئے۔
عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ آملی لاری جانی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاری جانی بھی اسپتال پہنچنے والوں میں تھے۔ آیت اللہ ہاشمی شاہرودی، جناب ڈاکٹر علی اکبر ولایتی اور ڈاکٹر حداد عادل بھی قائد انقلاب اسلامی کی عیادت کے لئے اسپتال پہنچے۔
نائب صدر جہانگیری، سابق صدر ڈاکٹر احمدی نژاد، قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سکریٹری جناب شمخانی، فوج اور پولیس کے متعدد اعلی افسران بھی قائد انقلاب اسلامی سے ملنے اسپتال گئے۔