بنت رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے چوتھی شب بھی پورے شکوہ کے ساتھ عزاداری کی گئی۔ تہران میں حسینیہ امام خمینی میں مجلس و ماتم کا سلسلہ رہا جس میں قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے بھی شرکت کی۔ عزاداری کے لئے عوامی طبقات اور اعلی حکام بھی حسینیہ امام خمینی پہنچے۔ چوتھی شب کی مجلس حجت الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے پڑھی۔ انہوں نے اللہ پر حقیقی عقیدہ و ایمان رکھنے سے متعلق دین اسلام کی ہدایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر بندگی کے جادے پر مسلمان ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں تو عنایت پروردگار ان کے شامل حال ہوگی اور ایمان کی حلاوت کا انہیں حقیقی معنی میں احساس ہوگا۔

حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہا کہ شیعوں کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے توحید اور خدائے منّان پر عقیدے و توکل کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت صدیقہ کبری سلام اللہ علیہا کے احساسات و جذبات عین عقل و دین سے عبارت تھے اور آپ نے 'ولی امر' اور امام وقت کے دفاع میں جان قربان کر دی۔
حجت الاسلام کاظم صدیقی کی مجلس کے بعد جناب سماواتی اور جناب ارضی نے مرثیہ خوانی کی۔