بسم اللہ الرحمن الرحیم

عظیم مسلم امہ، عزیز ملت ایران!

 ان دنوں غزہ میں بڑی بھیانک اور دردناک وارداتیں ہو رہی ہیں، ان پر اپنے غم و اندوہ کو زبان و قلم سے بیان کر پانا ممکن نہیں۔ بےگناہ بچے، عورتیں اور مرد، مہینوں محاصرے کی سختیاں برداشت کرنے کے بعد اب اپنے گھروں میں صیہونی بربریت اور درندگی کا نشانہ بن رہے ہیں۔
 فلسطینی غنچے اپنے ماں باپ اور ماں باپ اپنے معصوموں کے سامنے غاصب جلادوں کی آتش حسد میں جل رہے ہیں۔ تہذیب و انسان دوستی کے دعویدار بے حسی اور لا پرواہی کے ساتھ اس بھیانک انسانی المئے کے تماشائی بنے ہوئے ہیں اور بعض تو بے حیائي کا ثبوت دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
 اس انوکھی جارحیت پر عالم اسلام کا سکوت کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔ مسلم امہ کو حرکت میں آنا چاہئے اور مسلم ممالک کے سربراہوں کو چاہئے کہ اپنی قوموں کے غیظ و غضب کی آگ غاصب حکومت پر الٹ دیں۔
 امریکی حکومت کے ہاتھ بھی مظلوم فلسطینیوں کے خون سے آلودہ ہیں۔ اسی سرکش سامراجی حکومت کی حمایت ہی کا نتیجہ ہے کہ صیہونی، نا قابل معافی جرائم کا گستاخانہ ارتکاب کر رہے ہیں۔ مسلم قومیں اور حکومتیں فلسطینیوں کی مظلومیت کی آواز پوری دنیا میں پہنچائيں اور سوئے ہوئے ضمیروں کو بیدار کریں۔ کیا امریکی عوام کو یہ خبر ہے کہ ان کے حکام نے صیہونیوں کے سامنے کس انداز سے انسانی حرمت و عزت کو قربان کر دیا ہے؟ آیا یورپی قوموں کو اطلاع ہے کہ ان کے ممالک پر صیہونی سرمایہ داروں کے تسلط کے نتیجے میں ان کے سیاستداں کہاں پہنچ چکے ہیں؟
 یہ محض اتفاق نہیں ہے کہ ان فوجی جرائم کے ساتھ ہی سامراج کے زیر تسلط دنیا کے ایک اور گوشے میں مقدسات اسلامی کی بے حرمتی کی جا رہی ہے اور شیطانی سیاست کے حامل پلید قلم، تمام انسانیت کے لئے محور پیام الہی اور رحمۃ للعالمین پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کر رہے ہیں۔
 یقینا یہ دین اسلام ہی ہے جس نے ظلم مخالف اور نجات بخش پیغام کے ذریعے انسانوں اور قوموں میں وقار اور عزت نفس کا جذبہ بیدار کرکے سرکش طاقتوں کو دہشت زدہ کر دیا۔ مسلم اقوام کے غیظ و غضب کی آگ سے انہیں خاکستر کر دیا اور انہیں دیوانگی میں مبتلا کر دیا۔
 سرکش طاقتیں یاد رکھیں کہ بربریت اور درندگی سے اسلامی بیداری کے چراغ کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔خونخوار صیہونیوں کے سامنے فلسطینی قوم کی شجاعانہ مزاحمت، مرد و زن اور پیر و جواں کی حیرت انگیز دلیری اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس ٹکراؤ کا انجام باطل پر حق کی فتح ہے جیسا کہ ارشاد ہوتا ہے فانتقمنا من اللذین اجرموا و کان حقاعلینا نصر المومنین
 میں غزہ کے مظلوم و مجاہد عوام، مردوں، عورتوں، معصوم بچوں اور بکھر جانے والے غنچوں پر درود بھیجتا ہوں اور اللہ تعالی سے ان کے لئے صبرو ضبط اور کامیابی و مشکل کشائی کی دعا کرتا ہوں۔

والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ