بسم اللہ الرحمن الرحیم
آزاد و سربلند قوم، عزیز ہم وطنو!
اس دفعہ بھی آپ کی بھرپور اور حوصلہ مند مشارکت، دشمنوں کے مکر و فریب پر غالب آئی اور اس نے انتخابات کو بے رونق بنانے کے مقصد سے جاری دشمن کی شدید نفسیاتی جنگ کو کھوکھلے حباب میں تبدیل کر دیا۔تیس سال سے کم عرصے میں سخت و سازگار حالات میں تقریبا تیس انتخابات کا انعقاد کرکے اسلامی جمہوریہ ایران نے ثابت کر دیا ہے کہ جدید دنیا میں یہ ملک حقیقی جمہوری نظام کا حامل ہے۔ اس طرح دین سے بیزار جمہوریت سے لیکر کسی ایک شخص یا گروہ کی مطلق العنانیت تک سارے مادی نظام، دنیا کے دانشمند افراد کی نظروں میں مشکوک ہوتے جائيں گے۔
جمہوریت اور اسلام کے درمیان عدم ہم آہنگی اورعدم مطابقت کے تمام تر شور شرابے کے بیچ آپ کے اسلامی و عوامی نظام نے، دین مخالف اور عوام مخالف نظاموں کو للکارا ہے۔
آپ کے حوصلہ و ہمت اور عقل و دانش کے نتیجے میں، قرارداد کی منظوری اور انتخابات کے بائیکاٹ سے لیکر عوام کے حقوق اور زندگی میں پرائے مبصرین کو دعوت تک، ملک کے مینیجمنٹ کی شبیہ خراب کرنے کی کوششوں سے لیکر دشمن کے حملوں کے امکانات سے عوام کو ہرا‎ساں کرنے کی کوششوں تک، انتخابات کے آزادانہ و شفاف نہ ہونے کے بہتان سے لیکر انتخابات میں نوجوانوں کے شرکت نہ کرنے کی شیطانی اور تشہیراتی پیشین گوئیوں تک سارے کے سارے شیطانی حربے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے۔
ایران کے شریف و نجیب اور فرض شناس عوام، عورت و مرد، پیرو جواں، شہر اور دیہات سے تعلق رکھنے والے سبھی افراد ایک بار پھر اللہ کا نام لیکر میدان میں اترے تاکہ پارلیمان مجلس شورای اسلامی کو اپنے نمائندوں کے ہاتھوں میں سونپیں اور آئندہ چار سال کے لئے ایسی پارلیمان تشکیل دیں جو دیندار، با صلاحیت، سامراج مخالف، عوام کے مسائل سے آشنا، عوام دوست اور طاقتور ہو۔
میں اپنے پورے وجود سے مکمل خصوع و خشوع کے ساتھ خدائے حکیم و عزیز کا شکر ادا کرتا ہوں اور آپ معزز عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ توفیق الہی اور اپنے عزم راسخ سے آپ نے پر شکوہ نظارہ پیش کیا اور قومی اتحاد سے موسوم رواں سال کے اختتام پر قومی اتحاد کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ میں نوجوانوں کا خصوصیت سے شکرگزار ہوں جنہوں نے اس عام مشارکتی عمل میں سب سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جبکہ انتخابات میں شرکت کے لئے رای دہندہ کے کمترین سن میں تین سال کا اضافہ کر دیا گيا تھا اور اٹھارہ سال سے کم عمر کے کئی ملین نوجوان ووٹنگ میں شرکت نہیں کر سکے۔ تیس سال سے کم عمر کے دسیوں لاکھ جوان پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچے اور انہوں نے اپنی پر جوش شرکت سے ثابت کر دیا کہ آئندہ نسل کے لڑکے اور لڑکیاں اس مقدس جمہوریت کو آغوش میں لینے کے لئے آمادہ ہیں جو دسیوں ہزار شہیدوں کا خوں بہا اور ملت ایران کی برسوں کی جد و جہد کا ثمرہ ہے۔ آپ نے ثابت کر دیا کہ اسلامی انقلاب زندہ ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس پر مزید نکھار آتا جا رہا ہے۔
احساس ذمہ داری کے ساتھ اس اہم امتحان میں شرکت کرنے والے تمام سیاسی حلقوں اور طاقت فرسا کوششیں کرنے والے، بڑی قانونی ذمہ داریاں نبھانے والے اور صداقت و ایمانداری کے ساتھ عوام کے ووٹوں کی حفاظت کرنے والے انتخابات کے منتظمین اور مبصرین، اپنی مہارت اور ابتکار عمل سے انتخابات میں پر جوش شرکت کے لئے سازگار ماحول اور فضا بنانے والے قومی میڈیا ، انتخابات میں عوام کو ذہنی اطمینان و سکون مہیا کرانے والے سکیورٹی کے ذمہ دار اداروں، انتخابات کے شاندار انعقاد میں مدد کرنے والے دیگر ذرائع ابلاغ، فتح حاصل کرنے والے اسی طرح ضروری تعداد میں ووٹ نہ حاصل کر پانے والے امیدواروں نیز ساتویں پارلیمان کے اراکین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عوامی خدمت کا ایک دور پورا کیا۔
دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالی کی توفیقات اور حضرت امام زمانہ ارواحنا فداہ کی نظر عنایت سے آٹھویں پارلیمان اپنی دینی اور انقلابی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس رکھتے ہوئے ملک کی روز افزوں ترقی، قومی وقار اور اسلامی جمہوریہ کی شادابی و کامرانی کے ہدف کو حاصل کرے۔ انشاء اللہ۔
سید علی خامنہ ای
15 مارچ 2008