فلسطین کے وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ نے قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام اپنے ایک پیغام میں ملت ایران اور آپ کی جانب سے فلسطینیوں بالخصوص اہل غزہ اور اسلامی مزاحتمی تحریک کے جوانوں کی وسیع حمایت کی قدردانی کی ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ میں اپنی، ملت فلسطین اور زخمی لیکن فاتح غزہ کی جانب سے آپ کے اور عظیم ملت ایران کے ممتاز اسلامی موقف پر درود و سلام بھیجتا ہوں۔
پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے؛
باسمه تعالي

قائد اسلامی جمہوریہ ایران آیت اللہ العظمی علی خامنہ ای
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
میرے لئے یہ بات مایہ افتخار ہے کہ میں فلسطینی عوام اور حکومت نیز زخمی لیکن فاتح غزہ کی نمایندگی کرتے ہوئے جناب عالی کے شجاعانہ اور ممتاز اسلامی موقف کی قدردانی کروں جو اسلامی ایران کی قیادت کی روحانی بلندی اور عظیم ملت ایران کے جذبات کا آئینہ دار ہے۔
غزہ پر جارحیت کے آغاز سے قبل اور جنگ غزہ کے دشوار ایام کے دوران جناب عالی کے بیان اور پیغام دشمن کا جارحیتوں کے مقابلے میں ملت فلسطین اور مزاحمتی جوانوں کے لئے سرچشمہ پائیداری و وقار و حریت پسندی ثابت ہوئے۔
آپ کی ذمہ دارانہ ہدایات و رہنمائی کے زیر سایہ اسلامی جمہوریہ ایران نے تمام مواقع بالخصوص دوحہ کے غزہ اجلاس میں سرگرم کردار ادار کیا اور یہ کوششیں ہمارے بے سہارا عوام کے لئے مددگار ثابت ہوئیں اور ملت فلسطین کے اندر امید کی نئی کرن پیدا ہوئی۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے مختلف میدانوں مین اپنی وسیع حمایتوں کے ذریعے ملت فلسطین کی پائیداری و استقامت کو مضوطی بخشی۔ حالیہ جنگ میں غزہ کے عوام کی فتح در حقیقت جنگ لبنان کے بعد اسلامی مزاحمت کی دوسری فتح ہے۔ اللہ تعالی اس مدد و حمایت کے عوض آپ او ملت ایران کو جزائے خیر عنایت فرمائے۔
آپ کی قیادت میں ملت ایران نے فلسطینی عوام کی حمایت میں وسیع کوششیں اور اقدامات انجام دئے ہیں اور یہ اقدامات ہمارے لئے باعث افتخار ہیں اور ہم اس کے شکر گزار اور قدر داں ہیں۔ فلسطینی عوام بالخصوص اہل غزہ کو دشمن کی جارحیتوں کے نتیجے مین پیدا ہونے والی مشکلات پر قابو پانے اور تعمیر نو کے لئے سیاسی، غیر سیاسی اور عوامی حمایت کی ضرورت ہے۔
قائد انقلاب اسلامی ایران! ملت فلسطین کو با وقار اور ہر طرح کے غاصبانہ قبضے اور محاصرے سے آزاد زندگی کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنا حقیقی مقام اور قدرت حاصل کر سکے۔ اس ہدف کی تکمیل کے لئےظالم امریکا اور صیہونی حکومت کے مقابلے میں ہمیں اللہ تعالی کی عنایتوں کے ساتھ ساتھ آپ اور ملت ایران کی حمایت کے تسلسل کی ضرورت ہے۔
میں اور فلسطینی عوام آپ اور ملت ایران کی عنایتوں کی قدردانی کرتے ہیں ہمارا شکریہ قبول فرمائیے۔

آپ کا بھائی
وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ