جشن انقلاب میں با شکوہ شرکت پر قوم کے نام شکرئے کا پیغام

قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے جلوسوں میں کروڑوں کی تعداد میں عوام کی والہانہ شرکت پر قوم کے نام شکرئے کا پیغام جاری فرمایا۔ آپ نے اپنے پیغام میں فرمایا ہے کہ ملت ایران کے دوست اور دشمن دونوں جان لیں کہ یہ قوم اپنے راستے کا تعین اور ترقی و خوشبختی کی بلندیوں پر پہنچنے کا فیصلہ کر چکی ہے، وہ سامنے آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرتی جائے گی۔  قائد انقلاب اسلامی کا پیغام مندرجہ ذیل ہے؛  بسم اللہ الرحمن الرحیممبہوت کن کارنامے انجام دینے والی عظیم الشان ایرانی عوام! آپ کے مضبوط قدم ہمیشہ مستحکم رہیں، آپ کی بلند ہمتی اور حریت پسندی کا پرچم ہمیشہ اونچا رہے، اللہ تعالی کا درود و سلام ہو آپ کے عزم راسخ اور بے مثال بصیرت پر جو ہمیشہ ضرورت کے وقت، بد خواہوں اور بد طینتوں سے ٹکراؤ کے میدان کو حق کی فتح کے میدان میں تبدیل کر دیتی ہے اور عزت و عظمت کا منظر پیش کرتی ہے۔ دل و جان کی گہرائیوں سے اس خالق ہستی کا شکر ہے جس نے آپ کے عزم و ایمان و بصیرت میں اپنے دست قدرت کو جلوہ فگن فرمایا اور اسلامی جمہوریہ کی تشکیل کی اکتیسویں سالگرہ پر طولانی تاریخ رکھنے والی قوم کی خود اعتمادی اور جذبہ ایمانی پر استوار نظام کی توانائی اور شادابی کو ہمیشہ سے بڑھ کر دشمنوں کے سامنے پیش کر دیا۔ کیا اکتیس سالہ تجربات اور متعدد متکبر و تسلط پسند حکومتوں کی غلطیاں، انہیں خواب غفلت سے بیدار کرنے اور اسلامی جمہوریہ ایران پر تسلط قائم کرنے کی عبث کوششوں کی حقیقت سے انہیں آگاہ کرانے کے لئے کافی نہیں ہیں؟ کیا انقلاب کی اکتیسویں سالگرہ کے جشن میں کروڑوں با بصیرت اور پر جوش انسانوں کی موجودگی ملک کے اندر فریب خوردہ اور عناد پر تلے ہوئے عناصر کو، جو گاہے بگاہے ریاکارانہ انداز میں عوام دوستی کا دم بھرتے ہیں، ہوش میں لانے اور عوام کی مرضی اور راستے سے، جو حقیقی دین محمدی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور عظیم الشان امام (خمینی رحمت اللہ علیہ) کے صراط مستقیم کے علاوہ کچھ نہیں ہے، انہیں واقف کرانے کے لئے کافی نہیں ہے؟ ملت ایران کے دوست اور دشمن دونوں جان لیں کہ یہ قوم اپنے راستے کا تعین اور ترقی و خوشبختی کی بلندیوں پر پہنچنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔ وہ اللہ تعالی کی ذات پر توکل اور پروردگار کی جانب سے بخشی گئی توانائی پر اعتماد کے ذریعے، سامنے آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرتی جائے گی۔ توفیق الہی اس قوم کے سروں پر سایہ فگن اور حضرت امام زمانہ ارواحنا فداہ کی دعائیں اس کا سہارا بنی رہیں۔ سید علی خامنہ ای 22 بہمن 1388(مطابق 11 فروری 2010 )