فرانس میں ویٹ لفٹنگ کے عالمی مقابلوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ویٹ لفٹنگ ٹیم کی شاندار کامیابی پر قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مبارکباد کا پیغام جاری کیا اور ٹیم کی کامیابی کی قدردانی کی۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم

ویٹ لفٹنگ کے عالمی مقابلوں میں شرکت کے لئے جانے والی ٹیم کے ارکان
السلام علیکم
آپ نوجوانوں، میڈل جیتنے والوں بالخصوص جناب بہداد سلیمی اور جناب کیانوش رستمی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے ان عالمی مقابلوں میں اپنی کامیابی سے ملت عزیز ایران کے دلوں کو شاد کیا۔

سید علی خامنہ ای
22 آبان 1390
(مطابق 13 نومبر 2011)

قابل ذکر ہے کہ ویٹ لفٹنگ کے 79 ویں عالمی مقابلوں کا انعقاد فرانس میں ہوا۔ ان مقابلوں میں ایران کی ویٹ لفٹنگ ٹیم نے مجموعی طور پر 495 پوائنٹ حاصل کئے اور تیسرے مقام پر پہنچی جو ایران کے لئے ویٹ لفٹنگ مقابلوں کا اب تک کا بے مثال نتیجہ رہا۔
ایران نے دو گولڈ،ایک سلور اور دو برونز میڈل جیتے۔ ایران کی طرف سے بہداد سلیمی نے سوپر ہیوی ویٹ کیٹیگری کے مقابلے میں اسنیچ سیکشن میں 214 کلوگرام کا وزن اٹھاکر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیاـ انہوں نے سنہ 2003 میں ایران کے معروف ویٹ لفٹر حسین رضازادے کے ہاتھوں بننے والے 213 کلوگرام کے ریکارڈ کو توڑا۔ سلیمی نے کلین اینڈ جرک سیکشن میں 250 کلوگرام کا وزن اٹھایا۔ پچاسی کلوگرام کی کیٹیگری میں کیانوش رستمی نے بھی گولڈ میڈل جیتا جبکہ سجاد انوشیروانی نے سوپر ہیوی ویٹ مقابلے میں اسنیچ سیکشن میں 198 کلوگرام اٹھاکر برونز اور کلین اینڈ جرک سیکشن میں 241 کلوگرام اٹھاکر سلور میڈل حاصل کیا۔
ایران کی ٹیم کو مجموعی طور پر پانچ گولڈ، دو سلور اور چار برونز میڈل حاصل ہوئے۔