قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تہران میں بدھ کے روز دہشت گردانہ حملے میں ایٹمی سائنسداں مصطفی احمدی روشن کی شہادت پر اپنے تعزیتی پیغام میں اس بزدلانہ ٹارگٹ کلنگ کو مسلسل پیشرفت کرنے والی پرعزم اور باایمان ملت ایران کے مقابلے میں امریکہ اور صیہونزم کی زیر قیادت استکباری محاذ کی بے بسی کی علامت قرار دیا۔
قائد انقلاب اسلامی کے تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے؛
بسم اللہ الرحمن الرحیم
 
منتخب نوجوان سائنسداں شہید مصطفی احمدی روشن کی شہادت سے دوست داران دانش اور اسلامی جمہوریہ کی پیشرفت کو اپنا فریضہ سمجھنے والوں کے دل ایک بار پھر داغدار ہو گئے۔ ہم سب اس مظلوم، ممتاز اور سرفراز نوجوان کے والدین، اہلیہ اور فرزند کے غم میں شریک ہیں۔
یہ بزدلانہ کارروائی، جس کی منصوبہ سازی کرنے والے اور جسے انجام دینے والے عناصر بین الاقوامی سرکاری دہشت گردانہ نیٹ ورک کے دیگر جرائم کی مانند کبھی بھی اپنے اس گھناؤنے جرم کا اعتراف کرنے اور اس کی ذمہ داری قبول کرنے کی جرئت نہیں کر سکیں گے، در حقیقت سی آئی اے اور موساد کی منصوبہ بندی یا تعاون سے انجام پائی ہے اور یہ بزدلانہ ٹارگٹ کلنگ، مسلسل پیشرفت کرنے والی پرعزم اور باایمان ملت ایران کے مقابلے میں امریکہ اور صیہونزم کی زیر قیادت استکباری محاذ کی بے بسی کی علامت ہے۔ وہ اپنی اس پست روش اور قسی القلبی میں بھی شکست سے دوچار ہوں گے اور اپنے پلید و شرپسندانہ مقاصد کی تکمیل نہیں کر سکیں گے۔ تیز رفتار علمی پیشرفت اور علم و دانش کی نئی نئی بلندیوں کو سر کرنے کا عمل جو مصطفی شہید جیسے باایمان اور غیور نوجوانوں کے عزم و ہمت اور توانائی و صلاحیت کی بدولت رونق پا چکا ہے، اس وقت کسی ایک فرد پر منحصر نہیں ہے۔ یہ ایک تاریخی مہم اور محکم قومی عزم کا ثمرہ ہے۔ ہم استکبار اور تسلط پسند محاذ کے سرغناؤں کو مایوس کرتے ہوئے پوری قوت اور عزم راسخ کے ساتھ اس راستے پر گامزن رہیں گے اور اپنی عظیم قوم کی قابل رشک پیشرفت و ترقی کا لوہا حاسد اور کینہ توز دشمن سے بھی منوا لیں گے اور اس کے ساتھ ہی ہم اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں اور اس کے پس پردہ سرگرم عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے سے چشم پوشی بھی نہیں کریں گے۔
میں اس عزیز کے والدین، زوجہ اور فرزند، نیز ملک کے علمی حلقے اور یونیورسٹی اور ہمہ گیر علمی مہم میں شامل افراد کو اس عزیز کی شہادت کی تعزیت پیش کرتا ہوں اور ان کے لئے اللہ تعالی سے صبر و ضبط اور اس عزیز شہید کے لئے بلندی درجات کی دعا کرتا ہوں اور ساتھ ہی علی محمدی شہید، شہریاری شہید اور رضائی نژاد شہید کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

سیدعلی خامنه‌ای
22/دیماه/1390
12 جنوری 2012