قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اکیسویں نماز کانفرنس کے نام اپنے پیغام میں فرمایا کہ نماز کو اس کے شایان شان مقام پر رکھنا سماج کی اسلام کے مطلوبہ مقام تک رسائی کی تمہید ہے۔ آپ نے فرمایا کہ تمام ثقافتی اور فنی مساعی اور تعلیمی منصوبوں کی تدوین اور اجراء کا عوام الناس اور بالخصوص نوجوانوں کے درمیان نماز کی روز افزوں ترویج کی سمت میں مرکوز ہونا ضروری ہے۔
قائد انقلاب اسلامی کے پیغام کا اردو متن حسب ذیل ہے؛
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اس سال بھی آپ خدا کے متلاشی اور حقیقت دوست خواتین و حضرات نے اس اجلاس کا انعقاد کرکے، اپنے اسلامی فریضے کی ادائیگی یعنی نماز قائم کرنے کے سلسلے میں ایک اور قدم اٹھایا ہے۔ تمام متعلقہ افراد بالخصوص مجاہد، صداقت دوست، ثابت قدم اور بلند ہمت عالم دین حجت الاسلام جناب قرائتی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس میدان کے اہم ستون کا درجہ رکھتے ہیں۔ میں جناب عالی اور آپ کے رفقائے کار کے لئے جزائے الہی کی دعا کرتا ہوں۔
اس کے ساتھ ہی مجھے یہ اعتراف بھی کرنا ہوگا کہ اسلامی نظام کے ہم عہدیداروں کا مجموعہ اس سلسلے میں اپنے فرائض کو کما حقہ ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ نماز کی اہمیت کا درست ادراک ہونا چاہئے۔ یہ جو ارشاد ہوا ہے کہ اگر بارگاہ خداوندی میں نماز کو شرف قبولیت حاصل ہو گیا تو دیگر خدمات و زحمات بھی قبول کر لی جائیں گی اور اگر نماز ٹھکرا دی گئی تو پھر سارے اعمال مردود بارگاہ قرار پائیں گے، یہ (ارشاد گرامی) ہمیں عظیم حقیقت سے روشناس کراتا ہے۔ وہ حقیقت یہ ہے کہ اگر اسلامی معاشرے میں نماز کو اس کا شایان شان مقام مل جائے تو تمام تعمیری مادی و روحانی مساعی کا رخ اعلی امنگوں کی جانب مڑ جائے گا اور معاشرہ اسلام کے مطلوبہ مقام پر پہنچ جائے گا اور اگر نماز کی اہمیت سے غفلت برتی گئی اور نماز کو نظر انداز کیا گيا تو یہ راستہ صحیح طور پر طے نہیں ہو سکے گا اور کوششیں اور مجاہدتیں انسانی معاشرے کے لئے اسلام کی جانب سے طے شدہ بلندیوں تک اسے پہنچانے کے سلسلے میں بے اثر ثابت ہوں گی۔
یہ حقیقت ہم سب کو خبردار کرتی اور ہمیں ہمارے عظیم فریضے کی بابت متنبہ کرتی ہے۔ تمام ثقافتی اور فنی مساعی اور تعلیمی منصوبہ بندی کی تدوین اور اجراء کا عوام الناس اور بالخصوص نوجوانوں کے درمیان نماز کی روز افزوں ترویج کی سمت میں مرکوز ہونا ضروری ہے تا کہ اس پاکیزہ اور پرنور سرچشمے سے سب فیضیاب ہوں۔ بیشک متعدد تعلیمی و ثقافتی ادارے، ریڈیو ٹیلی ویزن اور مساجد کے امور کے ذمہ دار افراد کو اس سلسلے میں دوسروں سے زیادہ اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرنا چاہئے۔
اللہ تعالی سے نصرت و مدد کی دعا کیجئے، کمر ہمت کسئے اور اس میدان میں نئی تحریک کا آغاز کیجئے! اللہ تعالی آپ سب کی نصرت و مدد فرمائے۔

سيدعلی خامنه‌ای
13/شهریور/1391
(مطابق 3/9/2012)