اسلام دشمن عناصر کی طرف سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی شان میں گستاخی پر مبنی فلم کی نمائش کے بعد قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایرانی قوم اور عظیم امت مسلمہ کے نام اپنے پیغام میں امریکہ، صیہونزم اور دیگر عالمی سامراجی طاقتوں کی معاندانہ حرکتوں اور کینہ توزی کو اس شر پسندانہ اور گستاخانہ حرکت کی وجہ قرار دیا۔ آپ نے اسلام و قرآن مجید کے بارے میں صیہونیوں کے بغض و عناد کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اگر امریکی رہنما اس میں اپنا ہاتھ نہ ہونے کے دعوے میں سچے ہیں تو انہیں اس سنگین جرم میں ملوث افراد اور ان کی مالی معاونت کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دینا چاہئے جنہوں نے امت مسلمہ کے جذبات اوردلوں کو مجروح کیا ہے۔

قائد انقلاب اسلامی کے پیغام کا اردو ترجمہ حسب ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحيم

قال الله العزيز الحكيم: يُريدونَ لِيُطفِئوا نورَاللهِ بِاَفواهِهِم واللهُ مُتِمُّ نورِه وَلوكَرِهَ الكافِرون

عزیز ایرانی عوام اور عظیم ملت اسلامیہ!
دشمنان اسلام کے ناپاک ہاتھوں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی توہین کرکے آنحضرت صلی اللہ علی و آلہ و سلم کی نسبت اپنے بغض و کینے کو ایک بار پھر آشکارا اور نمایاں کر دیا ہے اور اپنے جنونی فعل اور نفرت انگیز اقدام سے عصر حاضر میں قرآن اور اسلام کی تنویر کی ہمہ گیریت پر صہیونیوں کی تلملاہٹ اور برہمی کو ظاہر کیا ہے۔

اس مجرمانہ فعل اور گناہ عظیم کاارتکاب کرنے والوں کی روسیاہی کے اثبات کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ انہوں نے کائنات کی سب سے عظیم اور مقدس ہستی کو اپنی بھونڈی مہمل گوئی کا نشانہ بنایا ہے۔ اس شرپسندانہ اور شیطانی حرکت کے پیچھے صیہونزم، امریکہ اور دوسری عالمی سامراجی طاقتوں کا ہاتھ ہے جو اپنے خیال باطل میں انتہائی رفعتوں کے حامل اسلامی مقدسات کو دنیائے اسلام کی نوجوان نسل کی نظروں سے گرا دینے اور اس کے دینی جذبات کو مٹا دینے کے در پے ہیں۔ اگر وہ اس مذموم سلسلے کی شروعاتی کڑی یعنی سلمان رشدی، ڈنمارک کے کارٹونسٹ اورقرآن مجید کو آگ لگانے والے امریکی پادریوں کی حمایت نہ کرتے اور صیہونی سرمایہ داروں سے وابستہ اداروں کو اسلام کے خلاف دسیوں فلمیں بنانے کا کام نہ سونپتے تو آج اس عظیم اورناقابل بخشش گناہ کی نوبت نہ آتی۔ اس عظیم گناہ اور سنگین جرم کے سلسلے میں صف اول کے ملزم امریکی حکومت اور صیہونزم ہے۔

اگر امریکی رہنما اس میں اپنا کوئی کردار نہ ہونے کے دعوے میں سچے ہیں تو انہیں اس سنگین جرم میں ملوث افراد اور ان کی مالی معاونت کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے جنھوں نے امت مسلمہ کے جذبات اوردلوں کو مجروح کیا ہے۔

پوری دنیا میں مسلمان بھائی اور بہن یہ جان لیں کہ اسلامی بیداری کے مقابلے میں دشمن کی یہ بزدلانہ اور ذلت آمیز حرکت در حقیقت اسلامی بیداری کی عظمت و جلالت اور اس کے روز افزون نمو و ارتقاء کا مظہر ہے۔ واللہ غالب علی امرہ۔

سید علی خامنہ ای
23 شہریور1391
(13ستمبر2012)