قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آئین کے آرٹیکل ایک سو ستاون کے مطابق ایک حکم جاری کرکے آيت اللہ الحاج شیخ صادق آملی لاریجانی کو دوسرے دور کے لئے عدلیہ کا سربراہ منصوب کیا۔
قائد انقلاب اسلامی کے حکمنامے کا متن حسب ذیل ہے؛
بسم الله الرّحمن الرّحیم

آیت اللہ جناب الحاج شیخ صادق آملی لاریجانی دامت توفیقاتہ
عدلیہ کی سربراہی کے پہلے دور میں جناب عالی کی گراں قدر عالمانہ خدمات کی قدردانی کے ساتھ، آئین کے آرٹیکل ایک سو ستاون پر عمل کرتے ہوئے جناب عالی کو اس سنگین عہدے کے مزید ایک دور کے لئے منتخب کرتا ہوں۔
گزشتہ عشروں کے دوران فراہم کئے جانے والے بنیادی ڈھانچے کے استعمال، اس عہدے کے پہلے دور میں حاصل ہونے والے تجربات سے استفادے، تینوں شعبوں (عدلیہ، مقننہ، مجریہ) کا باہمی تعاون، عدالتی امور میں اسلامی نظام کی جانب سے اعلان شدہ رجحانات اور کلی پالیسیوں کے نفاذ پر توجہ خاص طور پر انصاف تک ہر شخص کی آسان رسائی کے لئے مناسب سسٹم کی تشکیل، انصاف دلانے کے راستے کو مختصر کرنے، قوانین میں اصلاح، محکمے کی ضرورت کے مطابق بل تیار کرنے، مناسب نگرانی کے ذریعے محکمے کے کارکناں کی پاکیزگی کو یقینی بنانے، کرپشن کا بنیادی طور پر مقابلہ کرنے، اور سب سے بڑھ کر سماجی تحفظ کا ماحول قائم کرنے اور متعلقہ اداروں کی مدد سے جرائم کی پیشگی روک تھام کے ذریعے، تیزی سے گزر جانے والے مواقع کے صحیح استعمال کے ساتھ ہی اس بات کے امکانات فراہم ہوں گے کہ عدلیہ کی سطح پر ایک نئی شکوفائي اور جست کی توقع اور آئین کے متعلقہ اصولوں کے نفاذ کی توقع پوری ہو، نیز اسلامی انصاف، حقیقی عدل کا نفاذ اور رضائے پروردگا کا حصول ان شاء اللہ تعالی عمل کی منزل کے قریب پہنچ جائے۔
جناب عالی کی نمایاں، دانشمندانہ، انقلابی اور خالصانہ انتظامی صلاحیتیں، مذکورہ نکات اور مطالبات کی تکمیل کو بفضل الہی ان شاء اللہ یقینی بنائیں گی۔
اللہ تعالی سے آپ کی اور آپ کے اچھے اور محترم رفقائے کار کی توفیقات کی دعا کرتا ہوں۔

سید علی خامنه ای
۲۳ مرداد ۱۳۹۳
(مطابق 14 اگست 2014)