قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے اسپتال سے پوری طرح صحتیاب ہوکر ڈسچارج ہونے کے بعد آپ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں ایران کے باشرف اور انقلابی عوام، علما، اہم شخصیات، ملکی و غیر ملکی حکام کا شکریہ ادا کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ صداقت و اخلاص کے ساتھ جذبات و احساسات کا یہ اظہار اسلامی انقلاب اور اس کے عظیم قائد سے محبت کا پرشکوہ اور ناقابل بیان عمل ثابت ہوا۔
قائد انقلاب اسلامی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کا متن حسب ذیل ہے؛
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قائد انقلاب اسلامی مد ظلہ العالی کے آپریشن کی غرض سے اسپتال میں داخل ہونے کے بعد ایران اسلامی کی انقلابی، مومن اور باشرف قوم نے پورے ملک میں صدق دل اور خلوص نیت کے ساتھ دعاؤں، مناجاتوں، دعا و توسل کے پروگراموں، محبت و شفقت اور احساسات و جذبات سے معمور لا تعداد پیغاموں کی ترسیل کے ذریعے اسلامی انقلاب اور اس کے عظیم قائد سے محبت کا پرشکوہ اور ناقابل بیان منظر سامنے آیا۔
ملت اور نیکوکار افراد کی پرخلوص دعاؤں کی برکت سے اب قائد انقلاب اسلامی پوری طرح صحتیاب ہوکر اسپتال سے آ گئے ہیں تو ہم رب العزت کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لاتے ہیں اور ایران اسلامی کی باایمان اور قدرداں قوم، بالخصوص مراجع عالی قدر، علما و فضلائے گرامی، تینوں شعبوں (مجریہ، مقننہ، عدلیہ) کے سربراہوں، تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ، دیگر سول اور فوجی حکام، سیاسی تنظیموں، علم دین سے وابستہ جماعتوں، طلبہ یونینوں، شہدا کے اہل خانہ اور ایثارگروں (ایران میں ایثارگر ان افراد کو کہا جاتا ہے جو دفاع وطن کے لئے محاذ جنگ پر گئے اور اس وقت اپنی معمول کی زندگی بسر کر رہے ہیں)، یونیورسٹی سے وابستہ حلقوں، ثقافتی شعبے کے افراد، فنکاروں، اسپورٹس کی دنیا کے افراد اور دیگر طبقات کا جنہوں نے اسپتال پہنچ کر، یا نمائندے بھیج کر یا محبت آمیز پیغامات ارسال کرکے کرم فرمائی کی یا اسپتال پہنچنے کی درخواست کی، اسی طرح اسلامی مزاحمتی تنظیموں کے رہنماؤں بالخصوص حزب اللہ لبنان کے محترم سکریٹری جنرل اور مختلف ملکوں کے حکام اور سربراہوں کا جنہوں نے پیغامات بھیج کر رہبر انقلاب اسلامی کی صحتیابی اور سلامتی پر اظہار مسرت کیا اور ملک کے باہر موجود اسلامی انقلاب اور نظام کے چاہنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
آخر میں مناسب ہوگا کہ اسپتال کے عملے کا بشمول ڈاکٹروں، سرجنوں، نرسوں اور دیگر کارکنان کے، جنہوں نے اس مدت میں اپنی خدمات سے اس عمل کو انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیا اور ملت ایران کی تشویش کو دور کیا، ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عظیم الشان ملت ایران کی دائمی سربلندی و توفیقات کے لئے بارگاہ پروردگار میں دعا کریں۔
دفتر قائد انقلاب اسلامی
۲۴ شهریور ۱۳۹۳ (مطابق 15 ستمبر 2014)