قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ہفتہ مقدس دفاع کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں فرمایا کہ ملت ایران کا آٹھ سالہ مقدس دفاع ایک قوم کی عظمتوں کا ایک سلسلہ ہے اور شہید و شہادت اس حیرت انگیز سلسلے کا درخشاں ترین اور نمایاں ترین باب ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے جمعرات کو جاری کئے جانے والے اپنے اس پیغام میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قائد انقلاب اسلامی کا یہ پیغام ملک بھر میں شہیدوں کے مزاروں کی صفائی، قبروں کو عرق گلاب سے غسل دینے اور قبروں پر پھول چڑھانے کی ملک گیر تقریب کے آغاز کے موقعے پر تہران میں شہیدوں اور دفاع وطن میں جان کی بازی لگا دینے والے مجاہدین کے امور کی فاؤنڈیشن کے دفتر میں پڑھا گیا۔ قائد انقلاب اسلامی کا پیغام مذکورہ فاؤنڈیشن میں ولی امر مسلمین کے نمائندے حجت الاسلام و المسلمین شہیدی محلاتی نے پڑھا۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
ملت ایران کا آٹھ سالہ دفاع عظمتوں اور جلال و جمال کے جلوؤں کا ایک پرشکوہ سلسلہ ہے جو ایک قوم اپنی تاریخ کی جلوہ گاہ میں پیش کر سکتی ہے۔ تاہم شہید اور شہادت وہ درخشاں اور خیرہ کن نگینہ ہے جو اس حیرت انگیز مجموعے میں دوسری تمام چیزوں سے زیادہ نمایاں اور گراں قدر دکھائی پڑتا ہے۔ یہ نمایاں حیثیت ان لوگوں کے پرخلوص انسانی ایثار کا ثمرہ ہے جنہوں نے اپنی ذات اور اپنی مادی زندگی کے تمام پہلوؤں کو رضائے پروردگار کی خاطر نظر انداز کرتے ہوئے اپنا سب کچھ اس پرافتخار راستے میں نثار کر دیا۔
شہیدوں کے اہل خانہ، باپ، مائیں، بیویاں، بچے اور دیگر اعزہ سب اس روحانی افتخار و وقار میں شریک ہیں۔
انسانی معاشروں کی ان عظیم ہستیوں پر اللہ تعالی، فرشتوں اور بندگان صالح کا سلام ہو۔