قائد انقلاب اسلامي آيت اللہ العظمي سيد علي خامنہ اي نے آئي آر آئي بي کي ورلڈ سروس کے سربراہ ڈاکٹر محمد سرافراز کو اس ادارے کا نيا چيئر مين منصوب کیا ہے۔
ڈاکٹر محمد سرافراز بيس سال تک آئي آر آئي بي ورلڈ سروس کے سربراہ رہے ہيں - ان کي سربراہي ميں آئي آر آئي بي کي ورلڈ سروس ميں کافي توسيع ہوئي جس ميں انگريزي زبان کے پريس ٹي ، عربي زبان کے العالم ٹي وي ، عربي زبان کے ہي الکوثر ٹي وي ، ہسپانوي زبان کے ہسپان ٹي وي کے علاوہ ، اردو سحر ٹي وي جیسے متعدد ٹی وی چینلوں کا ذکر کیا جا سکتا ہے۔
قائد انقلاب اسلامي آيت اللہ العظمي سيد علي خامنہ اي نے اس تعلق سے اپنے حکمنامے ميں فرمايا ہے کہ اسلامي جمہوريہ ايران کے ريڈيو اور ٹيليويژن کے ادارہ آئي آر آئي بي کے ذمے معاشرے کے افکار و ثقافت کي مديريت و ہدايت کا خطير فريضہ ہے-
آپ نے اس حکمنامے ميں فرمايا ہے کہ آئي آر آئي بي ايک يونيورسٹي کي طرح ہے اور دين اور اخلاقيات کے فروغ ، لوگوں ميں اميد اور آگاہي وجود ميں لانے اور ايراني اسلامي سبک زندگي کي ترويج بھي اس کي ذمہ داريوں ميں شامل ہے۔
قائد انقلاب اسلامي آيت اللہ العظمي سيد علي خامنہ اي نے اپنے حکمنامے ميں آئي آر آئي بي کے رخصت پذير چيئر مين ڈاکٹر عزت اللہ ضرغامي کي خدمات کي قدرداني بھي کي۔
قائد انقلاب اسلامی کے حکمنامے کا متن حسب ذیل ہے؛
 
بسم الله الرحمن الرحیم
جناب محمد سرافراز دام توفیقہ

انجینیئر جناب سید عزت اللہ ضرغامی کی چیئرمین شپ کا دور، جو مربوط، دردمندانہ اور خلاقانہ مساعی سے پر تھا، ختم ہونے کے بعد جناب عالی کو ان صلاحیتوں کے پیش نظر جن سے آپ بحمد اللہ آراستہ ہیں اور قومی ذرائع ابلاغ میں طویل انتظامی تجربات اور اس عظیم اور حد درجہ اہم شعبے کے سلسلے میں آپ کی وسیع معلومات کے پیش نظر، پانچ سال کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویزن کے ادارے (آئی آر آئی بی) کا چیئرمین منصوب کرتا ہوں۔
ریڈیو اور ٹی وی کا ادارہ، معاشرے کی رائے عامہ اور ثقافت کی نظم و ترتیب اور رہنمائی کی خطیر ذمہ داری کے ساتھ ایک عمومی یونیورسٹی کی حیثیت سے عمیق اور پیشرفتہ پیشہ ورانہ ابلاغیاتی پروگراموں اور سرگرمیوں کے ذریعےعوام الناس کے درمیان دین و اخلاقیات اور امید و آگاہی نیز اسلامی ایرانی طرز زندگی کی ترویج کے فرائض کا حامل ہے۔ موجودہ دور میں قومی میڈیا کی تاریخی ذمہ داری، ثقافتی خود مختاری کی حفاظت اور ارتقاء اور اسلامی مملکت ایران کے انقلاب کی ماہیت کی پاسداری ہے۔ اسلامی نظام کے اعلی اہداف کے راستے میں معاشرے کے افراد کا قومی عزم، روحانی فروغ اور انقلابی جوش و جذبہ عمیق اور وسیع عمومی آگاہی و معرفت پر منحصر اور خالص دینی افکار کو وجود عطا کرنے والے سرچشموں اور اسلامی انقلاب کے ممتاز اور جوش و جذبے سے معمور چاہنے والوں کے جم غفیر سے رابطے کا متقاضی ہے۔ ریڈیو اور ٹی وی کا ادارہ ملکی ترقی کے عمل کو حرکت میں لانے اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے والی قوت کی حیثیت سے، ملت کے عمومی نظم و ضبط کی ہمہ جہتی اور خلاقانہ ابلاغیاتی پشت پناہی نیز اسلامی نظام کی بنیادی پالیسیوں کے نفاذ اور ملک کے ارتقاء پذیر مستقبل کا خاکہ پیش کرنے والی قومی دستاویز (سند چشم انداز) کے اجراء اور اہداف کے حصول کے سلسلے میں انتظامی امور میں تعاون کا فریضہ اپنے دوش پر رکھتا ہے۔ اہم ترین پالیسیاں جو قومی ابلاغیاتی ادارے کے لئے اس عظیم فریضے کی ادائیگی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں، ان کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
آخر میں ضروری ہوگا کہ انجینیئر جناب ضرغامی اور ان کے رفقائے کار کا تہہ دل سے شکریہ ادا کروں جنہوں نے قومی نشریاتی ادارے کو اپنے دور میں، قابل لحاظ ترقی دلائی اور گوناگوں سیاسی، سماجی اور ثقافتی میدانوں میں موثر کردار ادا کرنے میں اسے کامیاب کیا۔
جناب عالی جو اسلامی انقلاب کے معزز شہدا کے خاندان کی فرد ہونے کا افتخار رکھتے ہیں، خداوند منان کی درگاہ میں اللہ کی عنایتوں کے سہارے اس حساس اور خطیر ذمہ داری کو ادا کرنے میں آپ اور آپ کے محترم رفقائے کار کی کامیابی کی دعا کرتا ہوں۔
سیّد علی خامنه ای
۱۵ آبان ۱۳۹۳ (ہجری شمسی مطابق 6 نومبر 2014)