1393/10/14 ہجری شمسی مطابق 4 جنوری 2015
قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایک حکم جاری کرکے حجت الاسلام و المسلمین الحاج شیخ عبد الحسین معزی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے ہلال احمر ادارے میں اپنا نمائندہ منصوب فرمایا۔
تقرری کے حکمنامے کا اردو ترجمہ حسب ذیل ہے؛
بسم الله الرحمن الرحیم
جناب حجت الاسلام الحاج شیخ عبد الحسین معزی دامت توفیقاتہ
خدمت گزار اور دل سوز عالم دین جناب حجت الاسلام غیوری کے انتقال پرملال کے پیش نظر جنہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی میں برسوں قابل قدر خدمات ا نجام دیں، جناب عالی کو جو مادی و ثقافتی ضرورتوں کے ادراک کے تعلق سے خاص صلاحیتوں، احساس ذمہ داری اور لیاقت و اہلیت سے آراستہ ہیں، اس ادارے میں اپنا نمائندہ منصوب کرتا ہوں۔
ہلال احمر سوسائٹی کا قیام ہر طرح کی جغرافیائي، قومیتی اور نسلی حدبندی سے بالاتر ہوکر، جذبہ خود اعتمادی اور امید و نشاط کی تقویت، قدرتی آفات و حوادث سے متاثرہ دلوں کو سکون و طمانیت عطا کرنے اور درد و رنج سے تھکے ہوئے جسموں کو چین و راحت کے سامان کی فراہمی کے لئے عمل میں آیا ہے، جو پوری طرح دین اسلام کی تعلیمات اور احکامات کے مطابق بھی ہے۔
اس ادارے کی بیحد اہمیت، وسیع صلاحیتوں اور جناب عالی کی توانائیوں اور فرض شناسی کے پیش نظر یہ توقع کی جاتی ہے کہ آپ اپنی نگرانی اور رہنمائی سے اس سوسائٹی سے وابستہ افراد بالخصوص نوجوانوں کے درمیان ان گراں قدر تعلیمات کی ترویج و تقویت اور قدرتی آفات سے متاثرین کے لئے امداد رسانی کے کار خیر نیز ادارے کے دیگر فرائض پر عمل آوری میں تعاون کرنے اور پیش پیش رہنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
اللہ تعالی سے جناب عالی اور ہلال احمر کے تمام عہدیداران اور کارکنان کے لئے ادارے کے اہداف کی تکمیل میں کامیابی اور توفیقات کی دعا کرتا ہوں۔
سیّد علی خامنه‌ ای
۱۴/ دی ماه/ ۱۳۹۳ (ہجری شمسی مطابق 4 جنوری 2015)