قائد انقلاب اسلامی اور مسلح فورسز کے سپریم کمانڈر آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بریگیڈیئر جنرل حسین اشتری کو اسلامی جمہوریہ ایران کا پولیس سربراہ منصوب کیا اور ٹرم پورا کرنے والے پولیس سربراہ بریگيڈیئر جنرل اسماعیل احمدی مقدم کی خدمات اور بلا وقفہ مساعی کی قدردانی کی۔ قائد انقلاب اسلامی نے اس سلسلے میں ایک فرمان جار کیا جو حسب ذیل ہے؛
بسم الله الرحمن الرحیم

بریگیڈیئر جنرل حسین اشتری!
فرض شناسی، لیاقت اور اچھے ریکارڈ کے مد نظر اور وزیر داخلہ اور پولیس محکمے سے متعلق امور میں سپریم کمانڈر کے جانشین کی تجویز کی بنیاد پر جناب عالی کو اسلامی جمہوریہ ایران کی پولیس فورس کا کمانڈر منصوب کرتا ہوں۔
ضروری ہے کہ اس عہدے پر خدمت کی انجام دہی کے دوران بریگیڈیئر جنرل احمدی مقدم کی اچھے اقدامات منجملہ پولیس محکمے میں اسلامی ماحول کا ارتقاء، خدمت گزار کارکنان پر توجہ اور ان کے معیشتی امور کا خیال، حفاظتی نظام کی تقویت، سڑک ایکسیڈنٹ کی شرح میں کمی جیسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور پولیس کی خدمات میں مزید بہتری اور سماجی و اخلاقی امن و تحفظ کے لئے دائمی طور پر منصوبہ بندی اور خلاقانہ اقدامات انجام دئے جاتے رہیں۔
عدلیہ، مقننہ، مجریہ اور خاص طور پر وزارت داخلہ، قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سکریٹریئیٹ، قومی نشریاتی ادارے، مسلح فورسز کے جنرل اسٹاف اور منصوبہ بندی اور مینیجمنٹ کے ادارے سے توقع کی جاتی ہے کہ موجودہ حساس حالات میں مادی و روحانی دونوں پہلوؤں سے پولیس محکمے کی ضروری حمایت و پشت پناہی کریں گے۔
بریگیڈیئر جنرل احمدی مقدم کا، عہدے پر فائز رہتے ہوئے موثر اور بے دریغ خدمات کے لئے، شکریہ ادا کرتا ہوں۔
میں اللہ تعالی سے جناب عالی، پولیس فورس کے تمام کارکنان اور اس محکمے کی پشت پناہی کرنے والوں کی کامیابی کی دعا کرتا ہوں۔

سیّد علی خامنه ای
۱۸/ اسفند ماه / ۱۳۹۳ (ہجری شمسی مطابق 9 مارچ 2015)