قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے جمعرات کی صبح ہفتہ مقدس دفاع اور شہدا و ایثار پیشہ سپاہیوں کی قدردانی کے قومی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں فرمایا کہ اسلامی ثقافت میں شہدا اور شہادت، گرمی حیات اور درخشندگی کے مظاہر ہیں اور گزرتا ہوا وقت عزیز شہیدوں کے نام اور ذکر کی تابندگی کو کم کر سکا ہے نہ کر سکے گا۔
رہبر انقلاب اسلامی کا یہ پیغام ملک بھر میں شہدا کے مزاروں پر کی جانے والی گل افشانی کی تقریب کے موقع پر شہید فاؤنڈیشن میں ولی امر مسلمین کے نمائندے حجت الاسلام و المسلمین شہیدی محلاتی نے تہران کے بہشت زہرا قبرستان کے گلزار شہدا میں پڑھا۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے؛
بسم الله الرّحمن الرّحیم
گزرتا ہوا وقت عزیز شہیدوں کے نام اور ذکر کی تابندگی کو کم کر سکا ہے نہ کر سکے گا۔ اسلامی ثقافت میں شہدا اور شہادت، گرمی حیات اور درخشندگی کے مظاہر ہیں۔ یہ تو ہماری ضرورت ہے کہ ہم ان اعلی اور پائیدار مفاہیم سے خود کو متصل کرکے اپنے لئے اور اپنے معاشرے اور ملک کے لئے بلندی و پائيداری حاصل کریں۔ ہفتہ مقدس دفاع کے ایک دن کو اس مبارک نام سے موسوم کرنا، اس راہ میں فریضے کی ادائیگی سے عبارت ہے۔
خدا کا سلام ہو شہیدوں کی پاکیزہ روحوں اور ان کے صابر خاندانوں پر۔
سیّد علی خامنه ای
۲ مهر ۱۳۹۴ (ہجری شمسی مطابق 24 ستمبر 2015)