رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایک پیغام جاری کرکے جنرل حسین ہمدانی کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔ شہید حسین ہمدانی شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوجی مشیر کی حثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔ جمعرات کے دن دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے ان کو حلب شہر کے مضافات میں شہید کر دیا۔ جنرل حسین ہمدانی کی لاش جمعے کی رات طیارے کے ذریعے تہران ایئرپورٹ پر لائی گئی۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی کمانڈر ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
قائد انقلاب اسلامی کے پیغام کا اردو ترجمہ حسب ذیل ہے؛
بسم‌ الله‌ الرحمن ‌الرحیم

سربلند کمانڈر شہید حسین ہمدانی کی شہادت کی آپ کے معزز خاندان، پسماندگان، احباب اور شرکائے کار نیز سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے مایہ افتخار ادارے کو تعزیت اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس پرانے، محنتی اور مخلص سپاہی نے اپنی پاکیزہ اور عبادتوں سے آراستہ نوجوانی کو وطن عزیز اور اسلامی جمہوری نظام کے باشرف اور پروقار محاذوں پر گزارا اور اپنے نورانی چہرے اور پربرکت زندگی کے آخری ایام کو اہل بیت علیہم السلام کے آستانے کی حفاظت اور اسلام دشمن تکفیریوں کے مقابلے میں نثار کیا اور اسی مایہ افتخار محاذ پر، راہ خدا میں اور جہاد فی سبیل اللہ کی حالت میں زندگی قربان کرنے کی ان کی دیرینہ آرزو پوری ہوئی۔ فضل و رحمت خداوندی انھیں مبارک ہو۔
اسلامی مملکت ایران، سپاہ پاسداران انقلاب اور اسلامی جمہوریہ کی تمام مسلح فورسز کے اندر اس عطیئے کے خواہشمندوں، راہ جہاد اور شہادت کے لئے کمربستہ افراد کی مستحکم صف بڑی طولانی اور اس کی بنیاد بڑی مضبوط ہے؛ و منهم من ینتظر و ما بدّلوا تبدیلا۔ رحمت پروردگار نازل ہو شہید ہمدانی اور راہ حق کے تمام مجاہدین پر۔

سیّد علی خامنه‌ای
۱۸ مهر ۱۳۹۴ (ہجری شمسی مطابق 10 اکتوبر 2015)