مجاہد عالم دین، انقلاب کی سچے خدمت گزار آیت اللہ الحاج شیخ عباس واعظ طبسی رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال پر رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے تعزیت پیش کی۔
رہبر انقلاب اسلامی کا تعزیتی پیغام حسب ذیل ہے؛

بسم الله الرحمن الرحیم

بڑے دکھ اور اندوہ کے ساتھ، مجاہد عالم دین، انقلاب کے سچے ساتھی جناب حجت الاسلام و المسلمین الحاج شیخ عباس واعظ طبسی رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کی خبر موصول ہوئی۔ آپ میرے ہمدل و ہم زبان بھائی، امام (خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ) کے سچے مرید اور انقلاب کے پائیدار اور سخت کوش خدمت گزار تھے۔ اسلامی تحریک کے ابتدائی آثار نظر آنے کے وقت سے ہی، مقدس شہر مشہد، پر خطر میدانوں میں اس محترم عالم دین کی شجاعانہ اور اثرانگیز فعالیت اور نتیجتا سختیوں کی بخوشی پذیرائی کا شاہد رہا۔ یہ آشکارا اور صادقانہ موجودگی ملت ایران کی جدوجہد کے آخری ایام تک جاری رہی۔
جناب عالی پر امام (خمینی رحمۃ اللہ علیہ) کے اعتماد کی بنیاد پر انقلاب کے بعد آپ کو آستانہ مبارک امام رضا علیہ آلاف التحیۃ و السلام کی خدمت اور متولی کے فرائض کی انجام دہی کا شرف ملا اور مرحوم کے پختہ عزم اور بلند حوصلے کے نتیجے میں اس آستانہ مقدس کی بے مثال خدمت ہوئی۔ امید ہے کہ حضرت کی توجہات اس مخلص خدمت گزار کے شامل حال ہوں گی۔ انقلابی موقف، اسلامی نظام کے مقاصد سے وفاداری اور اس دشوار راستے میں مجاہدت جو عموما بلا اظہار انجام پائی ہے، اس عالی قدر روحانی پیشوا کی زندگی کا ایک الگ باب ہے۔ اس انتقال کے بعد یہ حقیر، انقلاب سے قبل غربت و سختی کے ایام کے اپنے برادر مہربان اور محاذ کے ساتھی اور انقلاب کے بعد کے برسوں کے اپنے سخت کوش رفیق کار سے محروم ہو گیا۔ میں خدائے رحیم سے آپ کے لئے اجر، مغفرت اور رضائے الہی کی دعا کرتا ہوں۔
مرحوم کے اہل خانہ اور پسماندگان، بالخصوص ان کی نیک فکر اور صابر زوجہ اور بچوں کو تہہ دل سے تعزیت پیش کرتا ہوں اور ان کے لئے صبر و اجر کی دعا کرتا ہوں۔

سید علی خامنه ای
۱۴ اسفند ماه ۱۳۹۴ (ہجری شمسی مطابق 5 مارچ 2016)