ایران کے معروف بزرگ شاعر حمید سبزواری کے انتقال کے بعد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تعزیتی پیغام جاری کیا۔ پیغام کا اردو ترجمہ حسب ذیل ہے؛
بسمه تعالی

نامور معاصر شاعر جناب ممتحنی معروف بہ حمید سبزواری کے انتقال کی اندوہناک خبر ملی۔ یہ لازوال اور پرافتخار نام شعر و ادب کے میدان میں انقلاب کے دفاع میں اس سخت کوش اور شجاع فنکار کی گراں قدر خدمات کی یاد دلاتا ہے۔ صریح لہجہ رکھنے والے، ثابت قدم اور موقع شناس حمید سبزواری نے اپنے عظیم اور افتخار آفریں فن سے اسلامی انقلاب اور اس سے وجود میں آنے والے نظام کی خدمت کی تاکہ خاص روانی رکھنے والے اپنے پرکشش اشعار کے اثر انگیز پہلو سے اسے غذا فراہم کریں۔ ان کے ترانے، طولانی نظمیں، پرمغز غزلیں اور قصائد سے انقلاب کو بڑا اہم ادبی سرمایہ ملا۔ آپ انقلاب کے سائے میں زندہ رہے، اسلام و انقلاب کے لئے خامہ فرسائی کی اور وفاداری کے ساتھ انقلاب کے ساتھ کھڑے رہے۔ رحمت و رضائے پروردگار مرحوم کا مقدر بنے۔ مرحوم کے انتقال کی اس مصیبت پر سوگوار خاندان، احباب اور خاص طور پر ان کے قدرداں اہل سبزوار کو تعزیت پیش پیش کرتا ہوں۔

سیّد علی خامنه‌ ای
۲۳ خرداد ماه ۱۳۹۵ (ہجری شمسی مطابق 12 جون 2016)