خداوند عزیز و رحیم کا شکر ہے کہ ہمارے زمانے میں اس نے شہادت کے معنی و مفہوم کو عملی شکل عطا کی اور پاکیزہ و منور قلوب کو اس کا مشتاق بنایا۔ یہ ضوفشاں شمعیں اس وقت زندگی کی فضا کو اپنی روحانیت سے منور کئے ہوئے ہیں۔ چشم بینا اور بیدار قلوب ان سے بہرہ مند ہو رہے ہیں اور روحانی ذخیرہ جو جدید اسلامی تمدن کی جانب پیش قدمی کا سرمایہ ہے روز بروز بڑھتا جا رہا ہے اور زندگی میں تازگی و شادابی پیدا کر رہا ہے۔ اللہ اور اولیاء اللہ کا سلام ہو ان درخشاں ہستیوں پر جن کی زندگی اور موت دونوں ہی اسلامی سماج کے ارتقاء کا باعث ہے اور ان شاء اللہ ہمیشہ رہے گی۔