رہبر انقلاب اسلامی نے کورونا کی ویکسین لگوانے کے بعد وہاں موجود افراد سے خطاب میں خوزستان کے پانی کے مسئلے کی طرف اشارہ کیا اور حالیہ واقعات  کو دردناک بتاتے ہوئے کہا: پچھلے سات آٹھ دنوں میں ہماری تشویش خوزستان کے مسئلے اور عوام کے لیے پانی اور دیگر مسائل کے باعث تھی۔ واقعی یہ بڑی تکلیف دہ بات ہے کہ انسان یہ دیکھے کہ خوزستان کے صوبے میں، جہاں اتنے وفادار عوام، اتنے قدرتی وسائل، صلاحیتیں اور اتنے زیادہ کارخانے ہیں، عوام کی یہ حالت ہو جائے کہ وہ ناراض ہو جائیں، انھیں اتنی تکلیف پہنچے!

آيۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے اہواز کے عوام کی شکایتوں کو بجا بتایا اور اس سے قبل خوزستان کے پانی اور سیوریج کے سلسلے میں کی جانے والی سفارشات اور دیے جانے والے مشوروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان سفارشات پر توجہ دی گئي ہوتی تو یقینی طور پر اس وقت، ہمارے سامنے یہ مشکلات نہ ہوتیں۔

انھوں نے خوزستان میں پڑنے والی شدید گرمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پانی کا مسئلہ کوئي چھوٹا مسئلہ نہیں ہے اور وہ بھی خوزستان کے اس موسم میں، وہ بھی خوزستان کے عوام کے لیے جو انتہائي باوفا ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے آٹھ سالہ مقدس دفاع کے بعض واقعات کا ذکر کرتے ہوئے خوزستان کے عوام کی وفاداری کو سراہا اور کہا: آٹھ سالہ مقدس دفاع میں جو لوگ فرنٹ لائن پر تھے، وہ خوزستان کے عوام تھے اور سچائی یہ ہے کہ وہ لوگ ڈٹے رہے، میں نے قریب سے دیکھا ہے۔ انھوں نے اس بات پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہ خوزستان کے عوام کو اس طرح کی مشکل کا سامنا ہے، حکم دیا کہ اس مسئلے کا ضرور تدارک کیا جائے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے صحیح وقت پر اس مشکل کو دور نہ کیے جانے پر شکوہ کیا اور مشکل کے حل کے لئے سرگرم عمل مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے کام پر اظہار مسرت کیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ یہ کام جاری رہنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ادارے اپنا کام جاری رکھیں، سنجیدگي سے جاری رکھیں اور بر سر اقتدار آنے والی نئي حکومت بھی سنجیدگي سے اس مسئلے پر کام کرے۔

آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دشمن کی جانب سے مسائل سے غلط فائدہ اٹھائے جانے کی طرف سے چوکنا رہیں۔ انھوں نے کہا: عوام ہوشیار رہیں کیونکہ دشمن، ہر چھوٹے سے چھوٹے مسئلے سے ملک کے خلاف، انقلاب کے خلاف، اسلامی جمہوریہ کے خلاف اور عوامی مفادات کے خلاف فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ عوام چوکنا رہیں کہ دشمن غلط فائدہ نہ اٹھانے پائے اور دشمن کے ہاتھ کوئي بہانہ نہ دیا جائے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ان شاء اللہ خداوند عالم اس قوم پر اپنی برکتیں نازل کرے اور اپنی رحمت اور اپنے لطف و کرم کو اس قوم کے شامل حال کرے جو ان شاء اللہ لطف و رحمت الہی کی مستحق ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عوام کے درمیان ویکسین کی تقسیم میں سامنے آنے والی بعض رکاوٹوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ رکاوٹیں ان افراد کی وعدہ خلافی کی وجہ سے پیدا ہوئي ہیں جنھوں نے ہمیں ویکیسن بیچنے کا وعدہ کیا تھا اور اپنے وعدے پر عمل نہیں کیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ یہ چیز ایک بار پھر ایرانی قوم اور ملک کے حکام کو اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ تمام مسائل میں ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا چاہیے اور دوسرے پر انحصار مسائل پیدا کرتا ہے جیسا کہ اس مسئلے میں بھی مشکلات کھڑی ہوئيں۔ انھوں نے اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے کہا: البتہ ہمارے پاس کوئي چارہ نہیں تھا اور ویکیسن کی ملکی پیداوار کے ساتھ ہی ہم اس بات کے لیے مجبور تھے کہ دوسرے ملکوں کی ویکسین کو بھی اس حد تک استعمال کریں جس حد تک وہ قابل اطمینان ہو اور ہم استعمال کریں گے لیکن کوشش ملکی ویکسین کی تیاری پر مرکوز رہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ عوام کو ویکسین کے لیے انتظار نہیں کروانا چاہیے اور امید ہے کہ عوام کے درمیان ویکسین کی تقسیم پوری آسانی اور روانی کے ساتھ انجام پائے گی۔