اہم خطبے

امام خمینی کو کھل کر میدان میں لانا چاہیے۔ سامراج کے خلاف ان کے موقف، بنیاد پرستی کے خلاف ان کے موقف، مغرب کی لبرل ڈیموکریس کے خلاف ان کے موقف اور منافقوں اور دوہرے چہرے والوں کے خلاف ان کے موقف کو کھل کر بیان کیا جانا چاہیے۔ جو لوگ اس عظیم شخصیت سے متاثر ہوئے، انھوں نے ان موقفوں کو دیکھا اور ان کے سامنے سر جھکا دیا۔ یہ تو نہیں ہو سکتا کہ فلاں اور فلاں امام خمینی کو پسند کرنے لگيں، اس لیے ہم ان کے موقف کو چھپا دیں، سامنے نہ لائیں یا ان چیزوں کو ہلکا کر دیں جو ہماری نظر میں سخت ہیں۔ کچھ لوگ ایک زمانے میں – وہ  زمانہ ہمیں یاد ہے، ہماری نوجوانی کا زمانہ تھا – اس بات کے لیے کہ اسلام کے کچھ چاہنے والے اور حامی تیار ہو جائيں، اسلام کے بعض احکام کا رنگ پھیکا کر دیتے تھے، نظر انداز کر دیتے  تھے؛ قصاص کے حکم کو، جہاد کے حکم کو، حجاب کے حکم کو چھپاتے تھے یا ان کا انکار کر دیتے تھے اور کہتے تھے کہ ان کا اسلام سے تعلق نہیں ہے، قصاص، اسلام میں نہیں ہے، جہاد اسلام میں نہیں ہے، تاکہ فلاں مستشرق یا اسلام کی بنیادی تعلیمات کے فلاں دشمن کو اسلام اچھا لگنے لگے! یہ غلط ہے۔ اسلام کو اس کی پوری جزئیات کے ساتھ بیان کرنا چاہیے۔

امام خامنہ ای
4 جون 2010