بسم اللہ الرحمن الرحیم

     اذن للذین یقاتلون بانہم ظلموا و ان اللہ علی نصرہم لقدیر۔ الذین اخرجوا دیارہم بغیر حق الا ان یقولوا ربنا اللہ ولولا دفع اللہ الناس بعضہم ببعض لہدمت صوامع وصلوات ومساجد یذکر فیہا اسم اللہ کثیرا ولینصرن اللہ من ینصرہ ان اللہ لقوی عزیز۔(1)

  اقوام کی تاریخ میں ایسے لمحات آتے ہیں کہ جن میں کیا جانے والافیصلہ اس قوم کی پوری عمر پر اثرا انداز ہوتا ہے اوربعد کی نسلوں کے لئے  تلخی، غم، ذلت اور اسیری لاتا ہے یا انہیں آزادی، عزت اور شادمانی کا تحفہ دیتا ہے۔

  جب صیہونی فلسطینی قومیت کی جڑوں پر پہلا تیشہ مار رہے تھے، تاکہ اس کی جگہ پر مسلمانوں کی سرزمین میں اپنی جھوٹی، جعلی اور بے اساس قومیت کی بنا رکھیں، مسلم سربراہان، موثر شخصیات اور ان کی پیروی میں عوام نے اپنی محکم، ہوشیارانہ اور سنجیدہ موجودگی کا ثبوت دیا ہوتا، تو آج ان  تمام پریشانیوں اور مصبتوں  کی جو صیہونی حکومت کے شجرہ خبیثہ کی دین ہیں، اس علاقے میں کوئی خبر نہ ہوتی  اور شاید علاقے کی اقوام بالخصوص مظلوم فلسطینی قوم نے ان پینتالیس برسوں میں جو مصیبتیں اٹھائی ہیں، ان سے محفوظ رہتی۔

   اس دن بعض عناصر کی کمزوری، بعض کی اقتدار پرستی اور بعض کی غیر دانشمندی نے ملکر عام خیانت کو عملی شکل دیا اور نتیجہ جو ہوا وہ سامنے ہے۔ ہزاروں خون ناحق زمین پر بہایا گیا، ہزاروں ناموس کی بے حرمتی ہوئی، ہزاروں گھر ویران ہوئے، ہزاروں سرمائے برباد ہوئے، ہزاروں آرزوئیں دفن ہوگئيں، ایک پوری قوم کے ہزاروں رات اور دن تلخی، مصیبت، رنج و غم، دربدری،آوارہ وطنی اور سسکیوں اور آنسووں کے ساتھ اردن اور لبنان کے کیپموں میں بسر ہوئے یا مقبوضہ وطن میں دشمن کے بوٹوں اور سنگینوں کے سائے میں گزرے۔ ہزاروں انسان بغیر کسی جرم کے زمانے کی سخت ترین عقوبت میں مبتلا ہوئے اور ہزاروں ایسے  ناگفتہ بہ غم کہ جنہیں ان کے علاوہ کوئی اور درک نہیں کرسکتا جنہوں نے اپنے غصب شدہ وطن  کے قریب  کیمپوں میں یا ان گھروں میں جن کے سرپرست غیر تھے، سخت ایام بسر کئے ہیں۔ یہ سب اس بڑی خیانت کا نتیجہ ہے جو دیگر  خیانتیں بھی اپنے ساتھ لائی۔ اور خیانتوں کے ان لہروں نے کتنی فضیلتوں کو ختم کردیا، کتنے جذبات مردہ کردیئے، اور کتنے شعلوں کو خاموش کردیا۔

    ہر وہ فرد جو اس دن کچھ کرسکتا تھا اور اس بڑے ظلم کو دفع کرنے کی راہ میں قدم اٹھا سکتا تھا، لیکن کچھ نہ کیا کوئی قدم نہ  اٹھایا، وہ فلسطین کی ان دو نسلوں کی  لعنت اور بددعا، موجودہ اور مستقبل کی تاریخ کے سخت اور ٹھوس فیصلے،اور روز قیامت خدا کے عذاب کا مستحق ہے۔اور اس سلسلے میں سیاستدانوں، ماہرین اقتصادیات، ثقافتی وادبی شخصیات اورماہرین جنگ و مجاہدت میں کوئی فرق نہیں ہے۔

   آج ایک بار پھر فصیلہ کن وقت اور عام امتحان کی گھڑی  سامنے  ہے۔مسئلہ یہ ہے کہ امریکا اس چیز کے درمیان جس کو سرد جنگ کے خاتمے کے بعد کامیابی کا نام دیا جارہا ہے، اس علاقے کے بعض ملکوں پر طاری وحشت آمیز سکوت کی برکت اور خلیج فارس میں غاصبانہ فوجی موجودگی کے بھروسے، اپنا اور غاصب صیہونیوں کا مسئلہ حل کرلینا چاہتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ عرب اسرائیل کو سرکاری طور پر تسلیم کرلیں اور فلسطین کا دعوا ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائے۔

    عرب حکومتوں کی مخالفت کے خدشے سے اسرائیل کی نجات،  سب سے پہلے امریکا کی  تیارکردہ اس غاصب حکومت کو اس کے اصلی فریضے یعنی اس علاقے میں  اسلامی تحریکوں کے جو امریکا کے لئے سخت ترین خطرہ شمار ہوتی ہیں، مقابلے کے لئے آمادہ کرے گی، دوسرے اس حیاتی اہمیت کے علاقے کے ملکوں  میں امریکا کے نفوذ کو یقینی بناکرعلاقے کو امریکا کے لئے پرامن بنادے گی اور   مشرق وسطی کااختیار بغیر کسی پریشانی کے امریکا کو مل جائے گا اور تیسرے اسرائیل مقبوضہ علاقوں کی توسیع اور نیل سے فرات تک آرزو پوری کرنے کے لئے ایک اور مضبوط مورچہ فتح کرلے گا۔

  دشمن فلسطین کو پیکر عالم اسلام سے الگ کردینا اور مسلمانوں کے گھر میں صیہونیت کے شجرۂ ملعونہ کو باقی رکھنا چاہتا ہے۔ امریکا غاصب حکومت کو مستحکم کرکے، اس حساس علاقے کی زندگی کی تمام رگوں کو اپنے قبضے میں لینا اور خود کو مشرق وسطی اور افریقا میں اسلامی بیداری کی تشویش سے نجات دلانا چاہتا ہے۔ دشمنان اسلام چاہتے ہیں کہ اسلام کی ساری دشمنی یہاں نکال لیں اورحالیہ برسوں کے دوران مسلمانوں کی بیداری سے انہیں جو شکستیں ہوئی ہیں، ان کا بدلہ لے لیں۔ یہ واقعہ حالیہ چند برسوں کے دوران مشرق وسطی کے بارے میں کی جانے والی کسی بھی سازش سے قابل موازنہ نہیں ہے۔ یہاں ایک ملک کے غصب، ایک قوم کی مستقل اور ابدی دربدری اور عالم اسلام کے پارہ تن، عظیم اسلامی وطن کے جغرافیائی مرکز اور مسلمانوں کے قبلۂ اول کو الگ کردینے کی  بات ہے۔

  اس خطیر وقت میں مسلمین عالم اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ان کا جو فریضہ ہے اس کو پہچانیں۔ ایک طرف اسلامی سرزمین کی حفاظت کا فریضہ ہے، جو مسلمانوں کی فقہ کی ضروریات میں سے ہے اور دوسری طرف ایک مظلوم قوم کی فریاد کا جواب دینے کا مسئلہ ہے۔ پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا ہے کہ جو مسلمانوں کی فریاد کو سنے اور اس کا جواب نہ دے، وہ مسلمان نہیں ہے، اور آج ایک فرد کی فریاد نہیں ہے بلکہ پوری قوم فریاد کررہی ہے۔

آج مسلم حکومتیں ذمہ داری کا احساس کریں۔ مسلمان حکومتوں کی طاقت، اگر متحد اور ایک آواز ہوں، تو امریکا کی طاقت سے زیادہ ہے۔ یہ علاقہ امریکا کا محتاج نہیں ہے بلکہ  امریکا اس علاقے کا زیادہ محتاج ہے۔ حکومتوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ مسلم اقوام چاہتی ہیں کہ یہ سب ملکر امریکا اور اسرائیل کے مستکبرانہ مطالبے کا جواب نفی میں دیں۔ یہ خود حکومتوں کی بقا اور اسلامی ملکوں کے عزت و شرف کی حفاظت کا قابل اطمینان ترین اقدام ہے۔امریکا کی لالچ، اس کی دھمکیوں اور صیہونی جرائد کے تشہیراتی دباؤ میں نہ آئيں اور اپنے قومی اور اسلامی فریضے کا تقاضا پورا کریں۔

مسلم اقوام بھی جان لیں کہ وہ بھی خدا اور تاریخ کے سامنے اتنی ہی جواب دہ ہیں جتنامسلم حکومتیں جواب دہ  ہیں۔آپ حکومتوں کو استکباری دباؤ کے سامنے مزاحمت پر مجبور کرسکتے ہیں اور اس راہ میں ان کی مدد کرسکتے ہیں اور جو حکومتیں اس یقینی فریضے سے فرار کریں ان کے لئے بڑے خطرات وجود میں لاسکتے ہیں۔

اسلامی ملکوں کے یونیورسٹی طلبا، قلمکار اور روشنفکر حضرات، اور علمائے اسلام' آپ کا فوری فریضہ ہے۔ آپ اقوام کو اس بڑی مصیبت سے جو امریکا اور اسرائیل عالم اسلام کے لئے تیار کررہے ہیں، آگاہ کرسکتے ہیں اور اس کے مقابلے کے لئے عظیم قومی طاقت کو متمرکز کرسکتے ہیں۔ جو حکومتیں اس خیانت میں شریک ہونے کے لئے تیار ہورہی ہیں انہیں اپنی اقوام کے غیض و غضب کے خطرے کو محسوس کرنا چاہئے۔

اس حساس اور سنگین مجاہدت کا محور، فلسطین کی بہادر اور مظلوم قوم ہے جس نے پورے وجود سے مصیبتوں کو محسوس کیا ہے اور اس وقت اسلام سے تمسک کی برکت سے، اپنے غصب شدہ وطن کے اندر، عظیم مجاہدت سے دشمن کے لئے عظیم خطرات  خلق کردیئے ہیں۔بڑی سامراجی سازش یہ ہے کہ اس مجاہدت کو ختم کردے۔ لیکن خدا کی قدرت اور قوت، بہادر فلسطینیوں کی ہمت اور مسلم اقوام اور حکومتوں کی مدد سے اس شعلے کو روز بروز بلند تر ہونا چاہئے تاکہ دشمن کی تمام کھوکھلی بنیادوں کو نگل لے۔  یہ ہوگا ان پر نصرت الہی نازل ہوگی: "ولینصرن اللہ من ینصرہ ان اللہ لقوی عزیز" (2)

دشمن کو معلوم ہونا چاہئے کہ فلسطینی اقدار سے روگردانی کرنے والے فلسطینیوں کو امریکی کانفرنس میں شریک کرنے جیسی کوئی بھی چال ان مومنین کو جنہوں نے فلسطین کی نجات کے لئے جہاد کو اپنا اسلامی فریضہ سمجھا ہے، اس برحق مجاہدت سے نہیں ہٹاسکتی  اور امریکا، اس کا ساتھ دینے والوں اور اس کے حواریوں کی خواہش کے برخلاف، فلسطینی قوم کا جہاد جاری رہے گا اور پٹھو  فلسطینی اور عرب سیاستدانوں کی خیانت سے یہ شعلہ خاموش نہیں ہوگا۔

امریکا کی سازش کا علاج مقبوضہ فلسطین کے اندر اور فلسطینی مجاہدین کے توانا ہاتھوں میں ہے لیکن تمام مسلمانوں کا فریضہ ہے کہ اس جہاد میں شرکت کریں اور فلسطینیوں کی مالی، فوجی، سیاسی، انٹیلیجنس اطلاعات اور وسائل کی مدد کریں۔ فلسطینی قوم کو تنہائی کا احساس نہیں ہونا چاہئے۔ صیہونی اور وہ لوگ جو فلسطینی مجاہدین کے قتل اور انہیں ايذائیں دینے میں ملوث ہیں، دنیا میں کہیں بھی خود کو محفوظ محسوس نہ کریں۔ پوری دنیا میں حکومتوں اور اقوام کو فلسطینی مجاہدین کی مدد کے لئے فنڈ اور مراکز قائم کرنا چاہئے۔ غاصب حکومت کا بائیکاٹ اور اس کو سرکاری طور پر تسلیم نہ کرنا تمام مسلمان حکومتوں کا فریضہ ہے اور اقوام کو اس مسئلے میں حساسیت کا مظاہرہ کریں اور ان وسائل اور تمام ممکن وسائل سے کام لیکر موجودہ سازشوں کا مقابلہ کریں اور اس کی تاثیر کو روکیں۔ بہرحال مسئلۂ  فلسطین کی ایک سے زیادہ راہ حل نہیں ہے اور وہ یہ ہے کہ پوری سرزمین فلسطین میں فلسطینی حکومت قائم ہو۔

    تمام مسلمان حکومتوں اور اقوام کے لئے خدا کی ہدایت و نصرت کا دعا کرتا ہوں اور ہمیشہ ان کی کامیابی چاہتاہوں۔

والسلام علیکم ورحمت اللہ وبرکاتہ

علی الحسینی الخامنہ ای

         پچیس مہرماہ سن ایک ہزار تین سو ستر (شمسی)  مطابق آٹھ ربیع الثانی چودہ سو بارہ ہجری (قمری)

1- سورۂ حج : 39 و 40

2- سورۂ حج: 40