انھوں نے پاکستان سے تعلقات کی اہمیت پر مرحوم صدر جناب رئیسی کی تاکید کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جناب رئیسی کا حالیہ دورۂ پاکستان، دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نیا موڑ بن سکتا ہے اور جناب مخبر صاحب تعاون اور سمجھوتوں کے راستوں پر کام کریں گے۔ 

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ برادر ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات ہمیشہ آسانی سے آگے نہیں بڑھتے اور رکاوٹوں کو دور کرنا چاہیے اور تعاون کی پیشرفت کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کرنا چاہیے۔ 

اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر اعظم جناب شہباز شریف نے، کچھ عرصے قبل صدر رئیسی کے دورۂ پاکستان کو انتہائی مفید، تعلقات کے پہلے سے زیادہ فروغ کی راہ ہموار کرنے والا اور مستقبل کا روڈ میپ بتایا اور امید ظاہر کی کہ مختلف میدانوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں فروغ آئے گا۔