مجلس میں عوام کے مختلف طبقوں کے ہزاروں لوگوں، شہداء کے اہل خانہ، انتظامیہ، عدلیہ اور مقننہ کے سربراہوں، سول اور فوجی عہدیداروں، غیر ملکی مہمانوں خاص طور پر عراق کے صدر اور اس ملک کے کچھ دیگر اعلی حکام اور اسی طرح مختلف ملکوں کے سفیروں نے شرکت کی۔ مجلس میں بین الاقوامی قاریوں نے قرآن مجید کی تلاوت کی اور ذاکرین اہلبیت علیہم السلام نے فضائل و مصائب پڑھے۔
مجلس عزا سے حجت الاسلام رفیعی نے خطاب کیا اور عوام کی خدمت، اخلاص اور توسل کو شہدائے خدمت بالخصوص حجت الاسلام و المسلمین رئيسی کی تین نمایاں خصوصیات بتایا اور کہا کہ اللہ کے وعدے کے مطابق جو لوگ نیک عمل اور عوام کی خدمت کو خلوص اور صداقت سے انجام دیتے ہیں، خداوند عالم ان کی محبت لوگوں کے دل میں ڈال دیتا ہے اور اس بات کا مشاہدہ سبھی نے ان شہیدوں کے پرشکوہ جلوس جنازہ میں واضح طور پر کیا۔