اس سال کے پروگرام میں شہید وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان کو خراج عقیدت پیش کیا گيا، جو مزاحمتی سفارتکاری کے امیر و امین کے نام سے مشہور تھے۔ تقریب میں رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر کے شعبۂ بین الاقوامی امور کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین قمی، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، متعدد کمانڈروں اور کئي غیر ملکی سفیروں نے شرکت کی۔
یہ تقریب، امریکی نوجوانوں کے نام رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ خامنہ ای کے تاریخی خط کی سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوئي۔ رہبر انقلاب نے یہ خط ان امریکی اسٹوڈنٹس کو لکھا تھا جو امریکی حکومت کے دباؤ کے باوجود فلسطین کی حمایت میں سڑکوں پر آ گئے تھے۔ اس خط میں رہبر انقلاب نے ان امریکی اسٹوڈنٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا: "آپ تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑے ہیں۔"
اس تقریب میں علی حسین امینی کی ایک پینٹنگ کی رسم اجراء بھی عمل میں آئي جس کا عنوان ہے: تاریخ کی صحیح سمت۔ یہ پینٹنگ، جو رہبر انقلاب کے اسی تاریخی جملے سے متاثر ہو کر بنائی گئي ہے، ایک اسٹوڈنٹ کو دکھاتی ہے جو ایک نڈر بھیڑ میں فلسطین کا پرچم اٹھائے ہوئے ہے۔