ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے وینیزوئیلا کی کمیونیکیشن اور انفارمیشن کی انٹرنیشنل یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں "تاریخ کی صحیح سمت میں" کا میڈل اس ملک کے وزیر نقل و حمل اور ایران و وینیزوئیلا کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے وینیزوئیلا کے سربراہ جناب رامون بلاسکز، وینیزوئیلا کے ڈپٹی اسپیکر پیڈرو خوسے اور اس ملک کے سابق وزیر خارجہ اور البا (ALBA) گروپ کے سربراہ خورخے آرسا کو عطا کیا۔

جناب قالیباف نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا کی قیادت میں عالمی سامراج نے، غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی حمایت کر کے پوری تاریخ کے جلادوں اور مجرموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ صیہونیوں نے انسانوں کے ذریعے پیدا کیے جانے والے سب سے بے رحمانہ قحط کو وجود بخشا ہے۔

انھوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے 25 مئي 2024 کو ایک خط جاری کیا اور اس میں ان کے بیدار ضمیر اور فلسطین کی حمایت میں ان کی شجاعت کو سراہتے ہوئے کہا تھا: آج آپ تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑے ہیں، جو رقم ہو رہی ہے۔ اسی بنیاد پر اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطین کے مظلوم لوگوں کے دفاع کے میدان میں سرگرم لوگوں کو"تاریخ کی صحیح سمت میں" میڈل عطا کرتا ہے۔

ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ میں وینیزوئیلا کی حکومت کا، جس نے تاریخ کی صحیح سمت کا انتخاب کیا اور برسوں پہلے یعنی سنہ 2009 میں غزہ کے لوگوں کے قتل عام کی وجہ سے صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کر لیے تھے، شکریہ ادا کرتا ہوں اور ایرانی قوم کی طرف سے "تاریخ کی صحیح سمت میں"  میڈل وینیزوئیلا کے ان سرگرم افراد کو عطا کرتا ہوں۔