گارجین کونسل کے سیکریٹری آيت اللہ جنتی نے رہبر انقلاب کو ایک خط لکھ کر انھیں مطلع کیا تھا کہ اس کونسل میں حجۃ الاسلام و المسلمین سید احمد خاتمی، حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ علی رضا اعرافی اور حجۃ الاسلام و المسلمین سید احمد حسینی خراسانی کی رکنیت 16 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ اس خط کے جواب میں رہبر انقلاب نے لکھا ہے کہ سلام و تحیت، مذکورہ محترم افراد کو میں شورائے نگہبان کے فقہاء کے طور پر دوبارہ منصوب کرتا ہوں۔

ایران کے آئين کی دفعہ 91 کے تحت گارجین کونسل کے چھے فقہاء رہبر انقلاب کی جانب سے منصوب ہوتے ہیں۔ آئین کی دفعہ 110 کے تحت گارجین کونسل کے فقہاء کو منصوب یا معزول کرنا رہبر انقلاب کے اختیار میں ہے۔ اس کونسل کے چھے دیگر اراکین، جو ماہر قانون ہوتے ہیں، عدلیہ کے سربراہ کی تجویز پر اراکین پارلیمنٹ کے ووٹوں سے منتخب ہوتے ہیں۔