رہبر انقلاب نے اتوار 7 ستمبر 2025 کی شام، صدر مملکت مسعود پزشکیان اور ان کی کابینہ کے اراکین سے ملاقات میں کہا تھا: "صدر مملکت کا دورۂ چین بہت اچھا تھا، یہ اقتصادی لحاظ سے بھی اور سیاسی لحاظ سے بھی ملک کی ضرورت کے اہم واقعات کے رونما ہونے کی تمہید ہے اور اس کے بہت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں جن کی ان شاء اللہ پیروی کی جانی چاہیے۔"
یاد رہے کہ صدر ایران جناب مسعود پزشکیان 31 اگست کو اپنے چینی ہم منصب کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم اور شنگھائی پلس کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے اور اسی طرح دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر چین کی مسلح فورسز کی پریڈ کی تقریب میں حصہ لینے کے لیے ایک چار روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے تھے۔
اس دورے کے موقع پر X پر رہبر انقلاب کے انگریزی اکاؤنٹ سے چینی زبان میں ایک جملہ پوسٹ کیا گيا تھا جسے چینی میڈیا میں کافی کوریج ملی تھی۔ اس پوسٹ میں کہا گيا ہے:
"ایران اور چین ایشیا کے دو سروں پر واقع قدیم تمدنوں کی حیثیت سے تاریخ کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر تبدیلی پیدا کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ اسٹریٹیجک معاہدے کے تمام پہلوؤں پر عمل درآمد، اس راہ کو ہموار کرے گا۔"
یاد رہے کہ Khamenei.ir سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس X پر انگریزی، عربی، اردو، ہندی، آذری، ترکی استنبولی، جرمن، اطالوی، فرانسیسی، روسی، ہوسا، بنگالی، انڈونیشیائی، بوسنیائی، البانی اور عبرانی زبانوں میں بھی سرگرم ہے۔