بسم اللہ الرحمن الرحیم

خداوند عالم کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے عظیم الشان ملت ایران کو ایک اور عظیم سماجی و سیاسی امتحان میں سرخرو فرمایا اور ایک بنیادی ترین ملی عمل میں ان کی بابرکت شراکت کو ملک کی عزت و سلامتی اور مقدس اسلامی جمہوری نظام کے وقار کی حفاظت کی سمت میں بہت بڑا قدم قرار دیا۔

صدارتی انتخابات میں ملک بھر میں پرجوش شرکت، رائے دہندگان کی طولانی صفیں، شرکت کی نمایاں تناسب اور منتخب شخصیت کو ملنے والی واضح اکثریت، سب کچھ اس انقلابی نظام کی عوامی ماہیت اور جمہوریت کو پائیدار اور مستحکم بنانے میں اسلامی نظام کی کامیابی کی روشن علامتیں ہیں۔ یہ ہمارے عزیز اسلامی ملک کی ان بے پناہ توانائیوں میں سے ایک کلیدی اور اہم توانائی ہے جو انقلاب کے اعلی اہداف تک رسائی کو ممکن بنانے والی ہے اور ملک و ملت کے لئے تابناک مستقبل کی نوید دیتی ہے۔

اب پروردگار کی ہدایت و عنایات سے مدد لیتے ہوئے اور حضرت ولی اللہ الاعظم ارواحنا فداہ کی کرم فرمائی کے زیر سایہ اور حضرت امام ابو الحسن الرضا علیہ الاف التحیۃ و الثناء کے یوم ولادت کے اس موقع کو نیک فال مانتے ہوئے، میں ملت ایران کے انتخاب کے مطابق میں ان کے مینڈیٹ کا نفاذ اور محترم دانشور جناب حجۃ الاسلام  ڈاکٹر حسن روحانی کو اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر منصوب کرتا ہوں اور جناب عالی کی کامیابیوں کی دعا کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ یہ سفارش کرتا ہوں کہ اس اہم منصب کو رضائے پروردگار کے حصول کا ذریعہ اور اللہ سے ملاقات کے اس وقت کے لئے ذخیرہ قرار دیں اور انصاف کے قیام، محرومین و مستضعفین کی حمایت، حقیقی اسلام کے احکامات کے نفاذ، قومی اتحاد و وقار کی تقویت، وطن عزیز کی عظیم توانائیوں اور صلاحیتوں پر توجہ اور اسلامی انقلاب کے اصولوں اور اقدار کے اعلانیہ احترام کے لئے کمربستہ رہیں اور اطمینان رکھیں کہ شجاع و غیور قوم، ملک کے خدمت گزاروں کو دشوار حالات اور استکبار کی تسلط پسندی اور بے جا مطالبات کے مقابلے میں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔

میں ضروری سمجھتا ہوں کہ ایک بار پھر استقامتی معیشت کے منصوبے پر عملی آوری اور روزگار و قومی پیداوار کے موضوع پر تاکید کروں اور یاد دہانی کراؤں کہ عوامی مینڈیٹ اور اس کا نفاذ، اسلام و انقلاب کے سیدھے راستے کی پابندی کی حفاظت و پاسداری پر منحصر ہے۔

آخر میں عزیز امام (خمینی رحمۃ اللہ علیہ) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی روح مطہرہ اور اس راہ کے شہیدوں کی یاکیزہ ارواح پر درود و سلام بھیجتا ہوں۔

و السلام علی عباد اللہ الصالحین

سید علی خامنہ ای

12 مرداد 1396 (ہجری شمسی مطابق 3 اگست 2017)