عَن أَبِی عَبدِ اللهِ جَعفَرِ بنِ مُحَمَّدٍ (عَلَیهِمَا السَّلَامُ) قَالَ: طُوبىٰ لِمَن لَم یُبَدِّل نِعمَةَ اللهِ کُفراً طُوبىٰ لِلمُتَحابّین فِی الله. (۱)

طُوبىٰ لِمَن لَم یُبَدِّل نِعمَةَ اللهِ کُفراً

یہ بڑا اہم مسئلہ ہے؛ نعمت خدا کو کفران نعمت میں تبدیل کر دینے کا مسئلہ۔ اللہ تعالی نے انسان کو کسی نعمت سے نوازا ہے، مثلا قوت بیان کی نعمت دی ہے، یہ بھی ایک نعمت ہے۔ اس نعمت کو معارف الہیہ اور دینی تعلیمات کی ترویج کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ اس کے بالکل برعکس مقاصد کے لئے بھی اسے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ اگر کسی نے الہی اہداف و مقاصد کے برخلاف امور کے لئے استعمال کیا تو اس نے کفران نعمت کیا ہے، نعمت کی نا شکری کی ہے۔

مثال کے طور پر دنیا کا مال بھی ایک نعمت ہے، مال دنیا ایک نعمت ہے جو اللہ بعض لوگوں کو عنایت کرتا ہے۔ اس نعمت کی مدد سے بلند درجات تک بھی پہنچا جا سکتا ہے؛ صدقہ دیکر، صحیح راہ میں خرچ کرکے، لوگوں کو مصیبتوں، بھکمری اور ہلاکت سے نجات دلا کر۔ اسی طرح اس نعمت کو بدعنوانی میں، حرام کاموں میں، حرام چیزوں کی ترویج میں، اپنے اور دوسروں کے انحراف کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، مگر یہ کفران نعمت ہوگا۔

عہدے کا حاصل کرنا اور انتظامی صلاحیت و توانائی بھی ایک نعمت ہے۔ ایک زمانہ ایسا بھی تھا کہ جب ہم اور آپ سماج کے ان عہدیداروں کے فیصلوں کے مطابق جو اس ملک اور دین کے دشمنوں کے آلہ کار تھے، عمل کرنے پر مجبور تھے، ہمارا کوئی اختیار ہی نہیں تھا، مگر آج ہم میں سے بہت سے افراد ملک کے عہدیداروں میں شامل ہیں، خواہ ان کا تعلق کسی بھی شعبے یا کسی بھی میدان سے ہو، اللہ نے بحیثیت عہدیدار کے ہمیں سمت و جہت کو درست کرنے، اس کی اصلاح کرنے اور اس کی تصحیح کی توانائی دی ہے تو یہ ایک نعمت ہے۔ ہم اس نعمت کو کیسے استعمال کریں؟ اگر اس انتظامی توانائی کو عوام کی خدمت کے لئے اور اللہ کی پسندیدہ سمت میں معاشرے کی ہدایت کے لئے ہم نے استعمال کیا تو یہ شکر نعمت ہے، لیکن اگر اسے اس سمت میں استعمال نہ کیا، اسے یونہی چھوڑ دیا یا پھر برعکس سمت میں استعمال کیا تو یہ کفران نعمت ہے۔ بسا اوقات یہ کفران نعمت اس حد تک پہنچ جاتا ہے کہ اس سے ہونے والے نقصان کی بھرپائی نا ممکن ہوتی ہے۔

 

۱) امالی طوسی، مجلس اوّل، صفحہ ۲۱

امام جعفر صادق  علیہ السلام سے روایت ہے کہ حضرت نے فرمایا؛ خوش قسمت ہے وہ شخص جو نعمت خداوندی کو کفران نعمت میں تبدیل نہیں کرتا خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اللہ کی خوشنودی کی خاطر آپس میں محبت رکھتے ہیں۔