تہران کے دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کی تشییع جنازہ بڑے پرشکوہ انداز میں کی گئی۔ اس سانحے کے دو شہیدوں کی تشییع جنازہ بجنورد میں اور ایک شہید کی تشییع جنازہ مقدس شہر قم میں ہوئی۔ ایرانی شہریوں کی کثیر تعداد نے چھلکتی آنکھوں کے ساتھ اپنے عزیزوں کو وداع کیا اور دہشت گردی کو جنم دینے والوں اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں یعنی آل سعود، امریکہ و صیہونی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

تہران میں شہیدوں کی تشییع جنازہ میں عدلیہ کے سربراہ، پارلیمنٹ کے اسپیکر، صدر مملکت اور رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے نیز دیگر اعلی فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔

سانحے کے شہیدوں کو آنسوؤں کے سائے میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

دہشت گردانہ حملوں کے اس سانحے میں کم از کم سترہ بے گناہ افراد شہید اور چالیس کے قریب زخمی ہوئے۔

تہران دہشت گردانہ حملوں کے بعد رہبر انقلاب اسلامی کا تعزیتی پیغام؛

بارہ رمضان المبارک مطابق 7 جون کو تہران میں ہونے والے دو دہشت گردانہ حملوں میں روزہ دار شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ اس سانحے پر رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے تعزیتی پیغام جاری کیا۔ پیغام کا اردو ترجمہ حسب ذیل ہے؛

بسم الله الرحمن الرحیم

بارہ رمضان المبارک کو مرقد امام (خمینی رحمۃ اللہ علیہ) اور مجلس شورائے اسلامی (پارلیمنٹ) پر دہشت گردانہ حملوں کا سانحہ، جس میں کئی عزیز روزہ دار شہید اور اس سے زیادہ تعداد میں زخمی ہوئے، باشرف ملت ایران نیز اسلامی انقلاب، اسلامی نظام اور اس کے عظیم الشان قائد (امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ) سے وابستہ تمام اشیاء سے استکبار کے آلہ کاروں کے خباثت آلود کینے اور عناد کی علامت ہے۔ اس طرح کے جرائم جو انھیں انجام دینے والوں، نیز ان کے احکامات صادر کرنے والوں اور ان کے اسباب فراہم کرنے والوں کی خباثت اور ساتھ ہی حقارت کی نشانی ہیں، اس سے کہیں زیادہ حقیر ہیں کہ ملت ایران کے عزم و ارادے میں کوئی خلل ڈال سکیں۔ ان جرائم کا حتمی نتیجہ امریکی حکومت اور علاقے میں سعودیوں جیسے ان کے آلہ کاروں کے خلاف نفرت میں اضافے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہوگا۔ ملت ایران عزم راسخ اور بھرپور اتحاد کے ساتھ ان شاء اللہ آگے بڑھتی رہے گی۔ اس سانحے کے شہیدوں کو خراج عقیدت اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد و تعزیت پیش کرتا ہوں اور زخمیوں اور متاثرین کی بہبودی کے لئے اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا گو ہوں۔

سید علی خامنه‌ ای

۱۹ خرداد ۱۳۹۶ (ہجری شمسی مطابق 9 جون 2017)