یہ اربعین کے ایام ہیں اور خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو زیارت کے لئے پیدل سفر پر روانہ ہو چکے ہیں یا جانے والے ہیں اور اربعین کی زیارت کے لئے پہنچ رہے ہیں، اربعین کے دن ان شاء اللہ حضرت کو مخاطب کرکے عالی مضمون کی وہ زیارت پڑھیں گے۔ ہم یہاں پر اشتیاق و حسرت سے ان قدموں کو دیکھ رہے ہیں؛

هزاران گام در راه است و دل مشتاق و من حیران

که چون ره میتوانم یافتن سوی درون من هم

الحمد للہ ہمارے نوجوانوں نے اپنا راستہ تلاش کر لیا ہے۔ دسیوں لاکھ افراد ہمارے عوام میں سے اور دوسری اقوام سے، عراق اور دیگر جگہوں سے اس راہ پر رواں دواں ہیں۔ یہ بھی بڑے نمایاں واقعات میں سے ایک ہے، یہ اللہ کا ہم پر احسان ہے کہ اس نے اس واقعے کو وجود بخشا اور یہ ایک مظہر اور علامت بن گیا۔

اربعین کے موقع پر ہمیشہ سے پیدل سفر کا سلسلہ رہا ہے، لیکن یہ عظیم انسانی سیلاب جو اہلبیت کے پیروکاروں اور اہل بیت کے عقیدت مندوں کی شرکت و حاضری کا پرکشش اور پرشکوہ مظہر بن گیا ہے، پہلے نہیں تھا۔ یہ چیز ہمارے پاس نہیں تھی۔ اللہ تعالی نے ہمیں اس سے نوازا ہے۔ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔