بسم الله الرّحمن الرّحیم

کرمان شاہ کے زلزلے کے اس انتہائی تلخ سانحے پر ملک کے حکام اور حقیر کو گہرا دکھ ہے۔ کرمان شاہ کے دلیر اور سرحدوں کے محافظ عوام اس حادثے کے  نتیجے میں سوگوار اور مصیبتوں میں مبتلا ہیں، ہم ان کے غم میں شریک ہیں۔ البتہ دنیا میں انسانوں پر یہ جو مصیبتیں آتی ہیں، اللہ تعالی کی بارگاہ میں ان کا صلہ ملتا ہے۔ اللہ تعالی ان مصیبتوں کا صلہ عطا فرماتا ہے۔ لیکن بہرحال عزیزوں کا داغ بہت سخت ہوتا ہے، زلزلے کے اس حادثے میں صوبہ کرمان شاہ کے شہروں اور گاؤوں میں جو عزیز اس دنیا سے کوچ کر گئے ان کی جدائی بہت تلخ ہے، ان کے لئے بھی تلخ ہے اور ہمارے لئے بھی تلخ ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی ان سوگوار خاندانوں کو صبر عطا فرمائے، ان پر اپنی جانب سے 'سکینہ' نازل فرمائے، انھیں اپنے لطف و کرم کے طفیل میں غم سے نجات دے، انھیں جزائے خیر دے دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔

البتہ ان حوادث کا ایک اور اثر یہ بھی ہوتا ہے کہ ملک کے اندر اسلامی سماج کی رگوں میں خون گردش کرنے لگتا ہے اور ان حوادث کے نتیجے میں لوگوں میں محبت، اخوت اور امداد باہمی کا جذبہ موجزن ہو جاتا ہے جو اس ملک میں چار سو موجود ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ یہ حادثہ کرمان شاہ کے عزیز عوام کے لئے کرمان شاہ کے دلیر عوام کے لئے، اعلی ظرف انسانوں کی پرورش کرنے والے کرمان شاہ کے عوام کے لئے برکتوں کا حامل ہو اور ملت ایران کے لئے اور خاص طور پر ملک کے حکام کے لئے، جن کے لئے یہ ایک الہی آزمائش ہے، فریضے اور ذمہ داری کی ادائیگی کا میدان قرار پائے۔ ان دو دنوں کے دوران ملک کے حکام علاقے میں پہنچے اور انھوں نے عوام سے اظہار ہمدردی کیا۔ آج جناب صدر محترم اور بعض محترم وزرا کرمان شاہ ہوکر آئے ہیں۔ انھوں نے عوام سے اظہار ہمدردی کیا۔ دعا کرتے ہیں کہ یہ ہمدردی عمل اور امداد رسانی کے میدان میں اسی قوت کے ساتھ قائم رہے اور اس تیز ہوتی سردی کے موسم میں جو واقعی بڑا کٹھن موسم ہوتا ہے عوام کی مشکلات اور ان کے درد و رنج میں کچھ کمی واقع ہو۔

و السّلام علیکم و رحمة الله و برکاته