بسم اللہ الرحمن الرحیم

عزیز و سربلند ملت ایران! آج آپ کے عزم اور آپ کی بصیرت نے بڑا عظیم اور آنکھوں کو خیرہ کر دینے والا کارنامہ رقم کیا ہے۔

آج آپ کے جلوس کی عظمت، جو باریک بینی سے اندازہ لگانے والے ماہرین کے مطابق گزشتہ برسوں کی نسبت وسیع تر اور زیادہ جوش و جذبے سے معمور تھے، اغیار، دشمنوں اور کمزور ارادے کے لوگوں کو دنداں شکن اور دو ٹوک جواب تھی۔ ایران اور اہل ایران کے بارے میں اپنے غلط اور ناقص تصور کی بنیاد پر دشمن اپنی تمام تر توانائوں اور مساعی کو اس ہدف پر مرکوز کئے ہوئے تھا کہ اس سال کے 22 بہمن (مطابق 11 فروری، جشن انقلاب) کو پھیکا اور بے رنگ بنا دے بلکہ اسے مخالف جلوس میں بدل دے۔ مگر آپ نے عملی طور پر ثابت کر دیا کہ یہ انقلاب زندہ اور مسلسل فروغ پانے والا ہے۔ آپ نے اپنے نعروں سے، اپنی شراکت سے بلند آواز میں امام (خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ) کے اہداف سے اپنی وفاداری کا اعلان کر دیا۔ ملت ایران کی یہ گھن گرج دشمن کو پسپا کر دے گی اور اس کا عزم محکم دشمن کے اندازوں کو درہم برہم کر دے گا۔ ملک کے حکام اس بے مثال حقیقت کی قدر کریں اور بھرپور استقامت، انقلابی جذبے اور جہادی طرز عمل کے ساتھ ملت عزیز کی خدمت اور انقلاب کی امنگوں کی پاسبانی کریں۔ مستقبل ہماری بیدار اور صاحب بصیرت قوم کے نام ہے، ہم عہدیداران کی یہ کوشش ہونا چاہئے کہ قوم سے پیچھے نہ رہ جائیں۔ ولا تهنوا و لاتحزنوا و انتم الأعلون ان کنتم مؤمنین

و السلام علیکم و رحمت الله

22  بهمن ۱۳۹۶(ہجری شمسی مطابق 11 فروری 2018)

سیدعلی خامنه‌ ای