*جن چیزوں پر ہماری تاکید رہتی ہے ان میں ایک یہ ہے کہ جو ہمارے مومن نوجوان ہیں، وہ نوجوان جو اس راہ پر یقین رکھتے ہیں اور واقعی بھرپور جذبے کے ساتھ کام رہے ہیں، وہ اپنے اندر ثبات قدم پیدا کریں۔ ہم نے ایسے افراد بہت دیکھے ہیں جو کسی زمانے میں محدود مدت کے لئے راہ مستقیم پر رہے لیکن بعد میں جب ان کی نگاہ پیسے، منصب اور اس طرح کی چیزوں پر پڑی تو بالکل بدل گئے۔ جس دائرے میں آپ کی شخصیت کا اثر ہے، جہاں تک آپ اثر انداز ہو سکتے ہیں، اس دائرے میں یہ کوشش کیجئے کہ نوجوان راہ مستقیم پر ثابت قدم بنے رہیں۔ اگر وہ راہ مستقیم پر ثابت قدم رہے اور آگے بڑھتے رہے تو ہر کسی کو اس کی منزل مل جائے گی، ہر کسی کو وہ پوزیشن حاصل ہو جائے گی جہاں وہ مفید ثابت ہو سکتا ہے، اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ میں کہوں کہ آپ فلاں میدان میں کام کریں، فلاں مسئلے میں کام کریں۔ کوئی ضرورت نہیں۔ جب وہ راہ خدا میں ثابت قدم رہیں گے تو انھیں اس کا ادراک ہو جائے گا کہ ان کو کیا کام کرنا چاہئے۔ یہ اس حقیر کی حتمی سفارش ہے۔