آپ نے فرمایا کہ تعلیم و تربیت کی اصلاحاتی دستاویز صحیح تشریح اور جامع عملی منصوبے ہونے کی صورت میں ایسے افراد کی تربیت کے سازگار حالات پیدا کر سکتی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے امام سجاد علیہ السلام کے یوم شہادت بارہ محرم الحرام کی تعزیت پیش کی اور امام سجاد علیہ السلام اور حضرت زینب کی مہم کو حقیقی معنی میں ایک قیام قرار دیا اور فرمایا کہ عاشورا میں حسینی قیام کے بعد قیام زینبی نے واقعہ عاشورا اور حضرت سید الشہدا کی شہادت کے مختلف پہلوؤں کو بشریت کے لئے پائيدار اور لا زوال بنا دیا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے طبی ہدایات پر بھرپور عمل آوری کے ساتھ پورے جوش و جذبے سے عزائے سید الشہدا منائے جانے کی قدردانی کی اور کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بہت سی رکاوٹیں پیدا ہوئيں لیکن عوام، مقررین اور مرثیہ خوانوں نے حسینی جوش و جذبہ قائم رکھا اور عظیم سطح پر روحانی پروگرام تشکیل دئے جبکہ طبی ہدایات کی بھی مکمل پابند کی، بنابریں اہل بیت کے ایک مرید کی حیثیت سے میں تمام عزیزوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں محکمہ تعلیم و تربیت کی گزشتہ چند مہینوں سے جاری سخت کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور وزیر تعلیم کی اچھی رپورٹ کی قدردادی کرتے ہوئے فرمایا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے بعد اس محکمے کی منصوبہ بندی اور اقدامات بے نظیر تھے کیونکہ اس میدان میں ہمارے پاس کوئی تجربہ نہیں تھا۔

رہبر انقلاب اسلامی کے مطابق ساری دنیا میں تعلیم و تربیت کا ہدف و مقصد شائستہ انسانوں کی تربیت کرنا ہے تاہم مختلف مکاتب فکر میں شائستہ انسانوں کی الگ الگ تعریفوں کی وجہ سے تعلیم و تربیت کی نوعیت بھی مختلف ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امارات نے عالم اسلام، عرب قوموں، خطے کے ملکوں اور فلسطینیوں کے ساتھ خیانت کی ہے۔

بذریعہ ویڈیو لنک اپنے خطاب میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امارات اسرائیل تعلقات پائیدار نہیں رہیں گے تاہم اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی برقراری کا شرمناک داغ متحدہ عرب امارات کے دامن سے کبھی صاف نہیں ہوگا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے خطے میں صیہونیوں کے لئے راستہ کھول دیا ہے اور وہ مسئلہ فلسطین کو جو ایک ملک پر قبضے کا مسئلہ ہے، بھلا کر اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کر رہے ہیں۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایک ایسے وقت میں جب فلسطینی قوم ہر طرف سے شدید دباؤ کا شکار ہے متحدہ عرب امارات اسرائیلیوں اور پست امریکی عناصر جیسے ٹرمپ کے خاندان سے تعلق رکھنے والے اس یہودی کے ساتھ مل کر اسلامی دنیا کے مفادات اور مصلحتوں کے خلاف کام اور عالم اسلام کے مقابلے میں شقاوت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے امید ظاہر کی کہ امارات کے حکام جلد ہوش کے ناخن لیں گے اور جو نقصان انہوں نے پہنچایا ہے اس کا ازالہ کریں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کے قیام کی کوششوں کے بعد ابوظہبی اور تل ابیب نے گزشتہ دنوں مکمل سفارتی تعلقات کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔

اسرائیل کی پہلی باضابطہ پرواز پیر کی شام تل ابیب سے ابوظہبی پہنچی ہے جس میں ٹرمپ کے صیہونی داماد جیرڈ کوشنر اور بعض اسرائیلی عہدیدار سوار تھے۔ اسرائیلی طیارہ سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے ابوظہبی پہنچا تھا۔

متحدہ عرب امارات اسرائیل اور امریکا نے تعلقات کی برقراری کے بارے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک شرمناک بیان بھی جاری کیا ہے۔ ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی برقراری کا اعلان کرتے ہوئے ہوئے سعودی عرب پر بھی زور دیا ہے کہ وہ بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی سمت قدم آگے بڑھائے۔

رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب سے  پہلے وزیر تعلیم و تربیت حاجی میرزائی نے اپنے محکمے کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں ٹی وی پر تعلیمی پروگراموں کا آغاز کر دیا گيا اور ایک مہینہ بعد 'شاد' نام سے ٹی وی چینل کا آغاز کر دیا گيا اور نئے تعلیمی سال میں ہم یقین دلاتے ہیں کہ تمام طلبہ کو تعلیمی سہولیات میسر رہیں گی۔