بسم الله الرحمن الرحیم
مجاہد و پارسا عالم دین آیت اللہ الحاج آقائے شیخ محمد یزدی رضوان اللہ علیہ کی رحلت پر قم کے دینی علوم کے مرکز، مراجع تقلید، جلیل القدر علما، مدرسین کی تنظیم، مرحوم کے شاگردوں، احباب اور عقیدتمندوں، بالخصوص معزز اہل خانہ اور بچوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔ انقلابی ماضی، طاغوتی (شاہی) دور میں جدوجہد اور اس کے ساتھ ہی انقلاب کے تمام ادوار میں دائمی اور مربوط فعالیت، ملکی انتظامی شعبے میں عدلیہ کی سربراہی، نگراں کونسل کی رکنیت، ماہرین اسمبلی کی رکنیت، پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کی رکنیت جیسے عہدوں پر فرائض منصبی کی انجام دہی اور اس کے ساتھ ساتھ علمی و فقہی کاوشوں نے آپ کو جامع الحیثیات اور خاص اثر رکھنے والی شخصیت میں تبدیل کر دیا تھا۔ انقلاب کے اصولوں پر گہرا اعتقاد، اس راہ میں استقامت اور دینی و انقلابی حمیت اس باوقار شخصیت کی دیگر نمایاں خصوصیات تھیں۔
امید ہے کہ یہ عظیم روحانی سرمایہ مرحوم کے درجات میں بلندی کا سبب بنے گا۔ خداوند عالم سے مرحوم کے لئے رحمت و مغفرت اور رضائے پروردگار کی دعا کرتا ہوں۔
سیدعلی خامنہ ای
9 دسمبر 2020