حج کے موقع سے بنحو احسن استفادے پر قائد انقلاب کی تاکید
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج ادارہ حج کے عہدہ داروں سے خطاب میں فرمایا کہ انتظامات ایسے ہوں کہ حج کا جو حق ہے وہ ہر سال پہلے سے زیادہ بہتر طریقے سے ادا ہو۔
قائد انقلاب اسلامی نے ادارہ حج کی خدمات کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ حج ایک موثر اور گویا پیغام ہے اس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے حج کے سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے وسائل اور امکانات سے بھرپور استفادے کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ اداروں کے وسائل کا مکمل جائزہ لیکر ان سے صحیح استفادے کے لئے ان میں ہم آہنگی مناسک حج کی ادائیگی میں موثر ہوگی۔
قائد انقلاب اسلامی نے عالم اسلام کے حجاج کرام کے قلوب کے لئے قرآن میں موجود بے نظیر کشش اور جاذبیت کی طرف اشارہ کیا اور فرمایا کہ حرمین شریفین میں ایرانی قاریوں سے استفادہ، قرآن کے عظیم سرمائے پر خانہ خدا کے زائرین کی توجہ مرکوز کرانے میں مدد گار ہوگا۔
قائد انقلاب اسلامی نے مخاطب افراد کے مطابق ثقافتی اور علمی خدمات کو حج کے سنہری موقع کے بھرپور استعمال کا اہم طریقہ قرار دیا۔
اس موقع پر حج کے امور میں قائد انقلاب اسلامی کے نمایندے حجت الاسلام و المسلمین محمدی ری شہری نے اس سال حج کی پرسکون، شاندار اور معنوی انداز کی ادائیگی کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ مختلف اداروں اور ثقافتی مراکز کے با منصوبہ بند تعاون اور وزارت خارجہ کی سرگرم کوششوں سے حج کے اجتماع سے بنحو احسن استفادہ کیا جا سکتا ہے۔