قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کی شام قم کے دینی علمی مرکز کی انتظامیہ اور اعلی کونسل کے اراکین اور سکریٹری سے ملاقات میں دینی تعلیمی مراکز کو بڑے عظیم اور مالامال ذخائر سے تعبیر کیا اور فرمایا : عصری تقاضوں اور ضرورتوں کی تکمیل اور منصوبہ بندی و عملدرآمد کے مراخل دینی تعلیمی مراکز میں اس طرح طے پانا چاہئے کہ اس عظیم اور عمیق شعبے کے ثمرات سے علما اور معاشرہ پہلے سے زیادہ بہرہ مند ہو سکے۔
آپ نے دینی تعلیمی مرکز میں منصوبہ بندی اور انتظامیہ کی سطح پر نظر آنے والی واضح پیشرفت کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ ماہرین کی گروہ بندی اور کام کے مخصوص مراکز کی تشکیل سے دینی تعلیمی مرکز کو اس کے اعلی و گراں قدر اہداف تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔
قائد انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں پیش کی جانے والی اعلی مضامین پر مشتمل منظم رپورٹوں کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ مد نظر اچھے اقدامات کو سعی و کوشش اور خلاقی صلاحیتوں کے ذریعے عملی طور پر بھی اس طرح سے بے نقص و عیب انجام دیا جائے کہ اس کے نتائج واضح اور نمایاں ہوں۔
آپ نے منصوبوں پر عملدرآمد کی کامیابی کی سطح کو پرکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔