قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اسلامی نظام کے حکام، اسلامی ممالک کے سفیروں اور مختلف عوامی طبقات سے ملاقات میں عالم اسلام کے اتحاد کو عید فطر کا سب سے بڑا سبق قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ مسلمان قوموں کو چاہئے کہ روز بروز ایک دوسرے کے زیادہ قریب آئيں اور اتحاد کی راہ میں پہلے سے زیادہ کوششیں کریں کیونکہ اسلام دشمن محاذ سے مقابلے کا واحد راستہ امت اسلامیہ کے متحدہ محاذ کا قیام ہے۔
آپ نے نماز عید فطر میں قائم ہونے والی مسلمانوں کی مستحکم اور پر شکوہ صفوں کو اللہ تعالی کی بارگاہ میں خضوع و خشوع اور مسلمانوں کے درمیان قلبی و روحانی رشتے کا آئینہ قرار دیا اور فرمایا کہ امت اسلامیہ کی یہ صف عالم اسلام سے متعلق تمام مسائل کے سلسلے میں قائم ہونا چاہئے تاکہ فکروں اور توانائیوں کو منظم کرکے اسلام دشمن محاذ کے مقابلے میں امت اسلامیہ کی طاقت کا مظاہرہ کیا جا سکے۔
قائد انقلاب اسلامی نے امت اسلامی کی روز افزوں بیداری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں مسلمانوں کی ہوشیاری و آگاہی کو اس بیداری کی زندہ مثال قرار دیا اور فرمایا کہ آج دنیا کی مسلمان قوموں کے درمیان ملت ایران ایک نمونہ بن گئی ہے اور پوری بیداری کے ساتھ عالمی تبدیلیوں اور عالم اسلام کے مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے یوم قدس کے جلوسوں میں ایرانی عوام کی پر شکوہ شرکت کو عالم اسلام کے مسائل پر ملت ایران کی خاص توجہ کی علامت قرار دیا اور فرمایا کہ یہ وہی راستہ ہے جس سے عظیم امام (خمینی رحمت اللہ علیہ) نے عوام کو روشناس کرایا اور دھمکیوں، دشمنیوں اور مفاد پرستانہ کوششوں کے ذریعے اس قوم کو اس راستے سے منحرف نہیں کیا جا سکتا۔
اس ملاقات کے آغاز مین صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے اپنی تقریر میں عید فطر کی مبارکباد پیش کی اور ایمان و تقوائے الہی کو ماہ رمضان کا ثمرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران ایمان و تقوا کے سرمائے کے ذریعے انصاف، پاکيزگی اور توسیع پسندوں سے مقابلہ آرائی کی راہ پر ثابت قدم رہے گی۔
صدر مملکت نے اسی طرح مقدس ترین آسمانی کتاب کی بے حرمتی کے ایک جاہل امریکی کے ارادے کا حوالہ دیتے ہوئے اسے صیہونیوں کی سازش اور تمام پیغمبروں کی تعلیمات کی مخالفت قرار دیا اور کہا کہ صیہونی اور ان کے حامی سقوط و زوال کی راہ پر گامزن ہیں اور اس طرح کی حرکتوں سے انہیں نہ صرف یہ کہ نجات نہیں ملے گی بلکہ ان کی نابودی کی رفتار اور بھی تیز ہو جائے گی۔