قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آرمی ڈے کی مناسبت سے فوج کے کمانڈروں سے ملاقات میں فوج کی مربوط مساعی کی قدردانی کی اور فرمایا کہ اسلامی جمہوری نظام کے تحت اللہ تعالی نے خدمت کا جو موقع فراہم کیا ہے اس سے استفادے کے لئے تمام فکری و عملی صلاحیتوں اور توانائيوں کو بروئے کار لایا جانا چاہئے۔
مسلح فورسز کے سپریم کماندر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ جس میدان میں بھی فکری و عملی توانائيوں کو اخلاص عمل کے ساتھ بروئے کار لایا جائے گا لطف و نصرت الہی شامل ہوگی اور روز افزوں کامیابیوں کی زمین ہموار ہوگی۔
قائد انقلاب اسلامی نے منصوبوں پر عمل آوری کے لئے درست منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ مسلح فورسز اور خاص طور پر فوج کو جن چیزوں پر خصوصی توجہ دینی چاہئے ان میں ایک چھاونیوں کی جدیدکاری اور جوانوں کے لئے کام کا اچھا اور سازگار ماحول تیار کرنا ہے۔
اس ملاقات میں فوج کے کمانڈر انچیف بریگیڈیر جنرل صالحی اور بری فوج کے کمانڈر جنرل پوردستان نے فوج کے متعدد منصوبوں اور پروگراموں کی بریفنگ دی۔