قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ پاکستان کے عوام اسلام پر گہرا عقیدہ رکھتے ہیں اور پاکستان کی ہر طرح کی کامیابی اور پیشرفت اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے باعث مسرت ہے۔
تہران کے دورے پر آنے والے پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے ہفتے کی شام اپنے وفد کے ساتھ قائد انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے ایران اور پاکستان کے دینی، تاریخی اور ثقافتی اشتراکات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کو عظیم مجاہد قوم سے تعبیر کیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ پاکستانی عوام کی طویل جدوجہد میں محمد علی جناح اور علامہ اقبال جیسی شخصیات نے اپنے جلوے بکھیرے اور اس جدوجہد کی نمایاں خصوصیت پاکستانی عوام کا اسلام سے گہرا تمسک تھا۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ موجودہ مشکلات اور مسائل سے پاکستان کے عوام کی نجات کا واحد راستہ اسلام اور اسلامی تعلیمات سے رشتے کو مضبوط رکھنا ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے بعض دشمن طاقتوں کی طرف سے پاکستان کے قومی اتحاد اور ارضی سالمیت کے لئے پیدا کئے جانے والے خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ پاکستان کے عوام اور قومی اتحاد کا اصلی دشمن مغرب اور ان میں سر فہرست امریکہ ہے۔ آپ نے دعا کی کہ خداوند عالم جلد از جلد پاکستانی عوام کو دشمنون کے شر سے نجات دلائے۔
ملاقات میں پاکستان کے صدر آصف علی زردرای نے بہت کم عرصے میں قائد انقلاب اسلامی سے اپنی ایک اور ملاقات پر اظہار مسرت کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کی ذات پر ایمان اور اسلام سے تمسک انسان کی پیشرفت اور مشکلات سے اس کی رہائی کی تمہید ہے۔ انہوں نے ایرانی عوام کی جدوجہد اور دشمن کے مقابلے میں ایرانیوں کی پائیداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم اور یہ ملک پائیداری اور ترقی کی راہ پر چلنے والوں کے لئے نمونہ عمل ہے۔ پاکستانی صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔