قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملک کے بڑے کتب خانوں کے ذمہ داران اور لائیبریرین حضرات سے ملاقات میں کتابوں کی تصنیف و تالیف اور مطالعے کے میدان میں مسلمان ایرانی عوام کی قدیمی تاریخ کا حوالہ دیا اور تصنیف و تالیف اور نشر و اشاعت کی موجودہ صورت حال اور کتب کے مطالعے سے متعلق اعداد و شمار کو غیر اطمینان بخش قرار دیا۔ آپ نے علمی اداروں اور کتابوں کی تصنیف و اشاعت سے وابستہ عہدیداروں کو خاص طور پر نوجوانوں کے درمیان مفید اور مثبت کتب کے مطالعے کی عادت کو عام کرنے کے لئے روشوں پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرنے اور ایک جدید و جامع عمل شروع کرنے کی دعوت دی۔
قائد انقلاب اسلامی نے لائیبریریوں کے عہدیداران اور لائیبریرین حضرات کی زحمتوں کی قدردانی کی اور اس طبقے کے افراد کے ساتھ نشست کے انعقاد کو کتب کی تصنیف و تالیف اور نشر و اشاعت اور کتابوں کے مطالعے کو دی جانے والی خاص اہمیت کی علامت قرار دیا۔
قائد انقلاب اسلامی نے کتاب خوانی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کتاب پر خصوصی توجہ کے لئے غور و فکر کے ساتھ مطالعے کی ضرورت پر زور دیا۔ آپ نے فرمایا کہ تدبر کے ساتھ کتاب خوانی کی عادت کی ترویج کے سلسلے میں تمام علمی، ثقافتی اور تعلیمی اداروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ تعلیم و تربیت کے ادارے اور اسکولوں سے لیکر آئی آر آئی بی (ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے) سمیت تمام ذرائع ابلاغ عامہ تک سب پر کتب کے مطالعے کی ترویج کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ آپ نے ذرائع ابلاغ عامہ کی سطح پر کتابوں اور مطالعے کی تشہیر و ترغیب کو وسیع تر کرنے پر زور دیا اور فرمایا کہ اس وقت آئی آر آئی بی اور پرنٹ میڈیا میں کم اہمیت کی حامل حتی ضرر رساں مصنوعات اور اشیاء کا بھی پرچار کیا جاتا ہے لیکن کتاب جو انتہائی بیش قیمت اور باعظمت شئے ہے اس کی تبلیغ اور کتب خوانی کی ترغیب کما حقہ انجام نہیں دی جاتی۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ کتب کے مطالعے کی عادت عوام کے اندر اور خاص طور پر نوجوانوں میں ایک دائمی خصلت میں تبدیل ہونی چاہئے اور خاندان کے استعمال کی اشیاء میں اس کو بھی کما حقہ جگہ ملنی چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں کتب خانوں کے موضوع اور لائيبریرین حضرات کے سلسلے میں فرمایا کہ کتب خانوں کے اندر لائبریرین کا فریضہ سب سے اہم اور سنگین ہوتا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ لائیبریرین، لائیبریری سے رجوع کرنے والے افراد کی رہنمائي کا ذریعہ ہوتا ہے اور اس وقت کی ایک اہم ضرورت کتاب دوست افراد کے مطالعے کے عمل کو منظم بنانا ہے اور لائیبریرین حضرات صحیح رہنمائی کے ذریعے اس ضرورت کی تکمیل کر سکتے ہیں۔
آپ نے رجوع ہونے والے افراد کو تدبر کے ساتھ کتب خوانی کی طرف لے جانے میں لائيبریرین کے کردار کی اہمیت کا ذکر کیا اور مطالعے کے مخصوص نظام کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اس وقت معاشرے اور خاص طور پر نوجوان نسل کی ایک اہم ضرورت تنوع کو ملحوظ رکھتے ہوئے مختلف موضوعات کے مطالعے کے مراحل کا تعین کرنا ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں ضرر رساں کتابوں کے مطالعے سے اجتناب پر بھی زور دیا اور فرمایا کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ ہر کتاب مفید ہی ہو لہذا یہ نہیں ہو سکتا کہ کتابوں کے بازار کے دروازے پوری طرح کھول دیئے جائیں کہ ضرر رساں کتابیں بھی معاشرے میں پھیل جائیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے اچھی اور مثبت کتب کی نشر و اشاعت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ بسا اوقات کتابوں کے بازار میں بظاہر علمی لیکن بباطن گمراہ کن سیاسی مقاصد کی حامل کتابیں نظر آتی ہیں لہذا اس مسئلے پر زیادہ سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ کتابوں کی تصنیف، ترجمہ اور نشر و اشاعت معاشرے کے فکری خلاء کو پر کرنے پر مرکوز ہونا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے ملک میں خواندگی کی اچھی شرح کا حوالہ دیا اور فرمایا کہ اس سازگار صورت حال سے معاشرے کی ضرورت کی کتابوں پر خصوصی توجہ اور باتدبر مطالعے کی ترویج کے لئے استفادہ کیا جانا چاہئے۔
اس اجلاس میں وزیر اسلامی ثقافت و ہدایت جناب حسینی نے کتابوں اور کتب خوانی کے سلسلے میں انجام دیئے جانے والے اقدامات کی بریفنگ دی۔