اسلامی بیداری کے موضوع پر اسلامی جمہوریہ ایران میں دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
گیارہ اور بارہ ستمبر کو منعقد ہونے والی کانفرنس کے سلسلے میں قائد انقلاب اسلامی کے غیر ملکی امور کے مشیر اعلی اور اسلامی بیداری کانفرنس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے دانشوروں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کی بنیاد پر اسلامی بیداری کے موضوع پر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں عالم اسلام کے دانشور شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں عالم اسلام میں پھیلی اسلامی بیداری کی لہر کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے دانشور اسلامی بیداری سے عالمی سطح پر بالعموم اور عالم اسلام پر بالخصوص مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں اسی ممالک کے پانچ سو سے زائد مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے بتایا کہ کانفرنس کے موقع پر پانچ خصوصی سیشن ہوں گے، ایک سیشن میں اسلامی بیداری کی تاریخ اور محرکات کا جائزہ لیا جائے گا، دوسرے سیشن میں اسلامی بیداری میں اہم رول ادا کرنے والی شخصیات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ اسلامی بیداری کے اہداف، نتائج اور در پیش مسائل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔